امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خارجہ پالیسی کے اپنے سابق مشیر جارج پاپاڈوپلس کی جانب سے اس اعتراف کے بعد کہ امریکی صدراتی انتخابات میں روسی مداخلت کے مقدمے میں وہ وفاتی عہدے داروں سے جھوٹ بولتے رہے ہیں، تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
صدر ٹرمپ، جنہوں نے سات مہینے پہلے پاپاڈوپلس کو خارجہ پالیسی سے متعلق ایک میٹنگ میں ایک بہترین شخص قرار دیا تھا، اس ہفتے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ ایک مستند جھوٹا شخص ہے۔
پاپاڈوپلس کے اعتراف جرم کی اپیل سے متعلق دستاویزات میں سپیشل کونسلر ملر نے پاپاڈوپلس کی جانب سے ٹرمپ کی انتخابی مہم کی روسی عہدے داروں کے ساتھ، جن میں روسی صدر ولادی میر پوٹن بھی شامل تھے، ملاقات طے کرنے کے بارے میں ٹرمپ کے قریبی مشیروں کو بھیجی گئی کئی ای میلز شامل کی ہیں ۔ یہ ای میلز اس دوران بھیجی گئی تھیں جب انتخابی مہم اپنے عروج پر تھی۔
ٹرمپ کی انتخابي مہم کے سابق چیئرمین پال مینافرٹ پر اپنے ایک ساتھی رک گیٹس کے ساتھ منی لانڈرنگ اور سازش کے الزامات عائد کیے ہیں جس کا تعلق یوکرین کے سابق صدر وکٹر یونوکووچ کی لاکھوں ڈالر کی لابنگ سے ہے۔
ملر کی تحقیقات کے علاوہ روس کی جانب سے انتخابات میں مداخلت اور ٹرمپ کی انتخابی مہم کے روس کے ساتھ مبینہ تعلق کے حوالے سے کانگریس کے تحت بھی تین مقدمے چل رہے ہیں۔