امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انصاف کی راہ میں حائل ہونے کے الزام پر اپنے خلاف تحقیقات شروع ہونے کی خبروں پر ناراضی ظاہر کی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اس برہمی کا اظہار جمعرات کو سوشل میڈیا ویب سائٹ 'ٹوئٹر' پر کیا جہاں وہ اکثر و بیشتر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔
اپنے نئے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے، "پہلے انہوں نے روسیوں کے ساتھ تعلقات کی غلط خبر گھڑی، پھر جب اس کا کوئی ثبوت نہیں ملا تو اب وہ اسی جھوٹی خبر کی بنیاد پر انصاف کی راہ میں حائل ہونے کا واویلا کر رہے ہیں۔ بہت خوب۔"
اپنے دوسرے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس وقت امریکہ کی سیاسی تاریخ کی سب سے بڑی مخالفانہ مہم کا سامنا کر رہے ہیں جس کے سرخیل ان کے بقول بعض بہت ہی برے اور دوغلے لوگ ہیں۔
جمعرات کو جب وہائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ ہوکابی سینڈرز سے صحافیوں نے صدر کے ان تازہ ٹوئٹس سے متعلق سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ردِ عمل کے لیے صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل سے رابطہ کیا جائے۔
جمعرات کو بعض امریکی اخبارات نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے روسی اہلکاروں کے ساتھ مبینہ تعلقات کی تحقیقات کرنے والے خصوصی وکیل رابرٹ میولر نے اپنی تحقیقات کا دائرہ صدر ٹرمپ پر انصاف کی راہ میں حائل ہونے کے الزام کی تفتیش تک بڑھا دیا ہے۔
اخباری رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے مبینہ طور پر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے بعض اعلیٰ افسران کو اپنے مشیروں کےخلاف تحقیقات بند کرنے کا کہا تھا جو انصاف کی راہ میں حائل ہونے کے مترادف ہے۔
صدر ٹرمپ کے ذاتی وکیل مارک کیسووٹز کے ایک ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ رپورٹس وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' کی جانب سے لیک کی جانے والی اطلاعات پر مبنی ہیں جنہیں ترجمان نے گمراہ کن اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔
دریں اثنا تجزیہ کاروں کاکہنا ہے کہ محکمۂ انصاف کی جانب سے نامزد خصوصی وکیل کے خلاف ٹوئٹس کے نتیجے میں صدر کی قانونی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
قومی سلامتی اور سکیورٹی کلیئرنس سے متعلق امور کے وکیل بریڈلے موس کے مطابق صدر کے لیے کسی طور مناسب نہیں کہ وہ کسی ایسے خصوصی وکیل کے بارے میں بدزبانی کریں جسے خود ان کے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے نامزد کیا ہو۔
بریڈلے موس کا کہنا تھا کہ صدر کا یہ تبصرہ بھی تحقیقات پر اثر انداز ہونے کے زمرے میں آسکتا ہے، اس لیے انہیں اس بارے میں بات کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے۔