ویب ڈیسک _ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوم سیریز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 16 مارچ سے ہو گا جس میں کیویز ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر مچل بریسویل کریں گے۔
بریسویل کی بطور کپتان یہ دوسری سیریز ہو گی۔ اس سے قبل اپریل 2024 میں دورۂ پاکستان کے دوران انہوں نے ٹیم کی قیادت کی تھی۔
حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے والی کیویز ٹیم کے کئی اہم کھلاڑی پاکستان کے خلاف اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
کیویز کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مصروفیات کی وجہ سے ون ڈے ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر، اوپننگ بلے باز رچن روندرا، ڈیوڈ کونوے، گلین فلپس اور لوکی فرگوسن ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن بھی پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں ہے۔ ولیمسن کی عدم دستیابی سے متعلق کیویز بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلیں گے جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا 15 رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: کپتان مچل بریسویل، فن ایلن، مارک چیپمن، جیکب ڈفی، ذاکاری فولکس، مچل ہے، میٹ ہینری، کیل جیمیسن، ڈیرل مچل، جیمس نیشام، ول اورورکی، ٹم رابسن، بین سیئر، ٹم سیفرٹ اور ایش سودھی۔
کیویز بورڈ کے بیان کے مطابق کیل جیمیسن اور ول اورورکی ابتدائی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے دستیاب ہوں گے جب کہ میٹ ہینری اور زاکاری فولکس چوتھے اور پانچویں ٹی ٹوئنٹی کھیل سکیں گے۔
کیویز ٹیم کے سلیکٹر سیم ویلز کا کہنا ہے کہ تقریباً آدھی ٹیم حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی کھیل کر آئی ہے اور ہمیں اب آئندہ برس بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہو گا کہ وہ اس میں پرفارم کریں اور ثابت کریں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے موزوں امیدوار ہیں۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں نائب کپتان شاداب خان، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محدم علی، محمد حارث، محمد عرفان خنا، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، صفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 16 مارچ سے 26 مارچ اور پھر تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز 29 مارچ سے پانچ اپریل تک کھیلی جائے گی۔
فورم