رسائی کے لنکس

کینیڈا کے وزیر اعظم ٹروڈواپنی کرسی اٹھائےشرارت سے زبان چڑاتے کہاں جارہے ہیں؟


  • کینیڈا میں جب کوئی رکن پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز سےجاتاہے تو انہیں اپنی کرسی، اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت ہوتی ہے۔
  • کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو حکومت میں اپنا رہا سہا وقت دلچسپ انداز میں گزار رہے ہیں.
  • خبررساں ادارے رائٹرز کے ایک فوٹوگرافر نے اس لمحے کو کیمرے میں قید کر لیا جب جسٹن ٹروڈو اپنی ہاؤس آف کامنز کی نشست کو ایوان سے باہر لے جارہے تھے۔
  • جوایک طرح سے ان کے اقتدار کے اختتام کا علامتی اشارہ بن گیا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو حکومت میں اپنا رہا سہا وقت دلچسپ انداز میں گزار رہے ہیں ، خبررساں ادارے رائٹرز کے ایک فوٹوگرافر نے اس لمحے کو کیمرے میں قید کر لیا جب جسٹن ٹروڈو اپنی ہاؤس آف کامنز کی نشست کو ایوان سے باہر لے جارہے تھے، جوایک طرح سے ان کے اقتدار کے اختتام کا علامتی اشارہ بن گیا۔

یہ تصویر، جس میں جسٹن ٹروڈو کو دونوں ہاتھوں سے اپنی کرسی اٹھائے زبان چڑاتےباہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے، سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ اورجہاں انکے حامیوں نے انکی خوشدلی کی داد دی تو مخالفین نے اس تصویر کو اپنے اپنے اندازسے شیئر کیا۔ یاہو کے مطابق کچھ لوگوں نے لطیفے بھی بنائے، اور ان پر آخری بار کینیڈا سےکچھ "چوری" کرنے کا الزام لگایا۔

ایک سیاسی کالم نگار برائین للی نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ جب کوئی بھی رکن پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز سےجاتاہے تو انہیں اپنی کرسی، اپنی نشست اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت ہوتی ہے۔ مجھے یہ ایک عظیم روایت معلوم ہوتی ہے، جس کی میں حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا، یہ ٹروڈو کی ایک عجیب تصویر ہے۔ اس کے علاوہ، ممکنہ طور پر عنقریب الیکشن کی ایک اور علامت۔

کینیڈا میں سیاسی تبدیلیاں

ٹرودو نے نو برس اقتدار میں رہنے کے بعد لبرل پارٹی میں کم ہوتی ہوئی مقبولیت اور اختلافات کی وجہ سے رواں برس جنوری میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

جسٹن ٹروڈو نے پیر کے روز نئے لبرل رہنما اور نامزد وزیر اعظم مارک کارنی سے ملاقات کی تاکہ اتوار کے پارٹی انتخابات میں کارنی کی بھاری اکثریت سے جیت کے بعد اقتدار کی منتقلی کا آغاز کیا جا سکے۔

میٹنگ کے بعد کارنی نے پارلیمنٹ ہل پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ توقع ہے کہ منتقلی "ہموار" اور "فوری" ہوگی۔کینیڈا میں پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے والی پارٹی کا سربراہ ہی وزیرِ اعظم ہوتا ہے جس کا انتخاب پارٹی ارکان کی ووٹنگ سے کیا جاتا ہے۔

اس انتخاب کے لیے لبرل پارٹی کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد ارکان نے ووٹ دیےتھے۔ اتوار کو سامنے آنے والے نتائج کے مطابق کارنی 86 فی صد پارٹی ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

کینیڈا کے قوانین کے مطابق زیادہ سے زیادہ پانچ برس میں فیڈرل الیکشن ہونا ضروری ہے۔ اس حساب سے کینیڈا میں الیکشن 20 اکتوبر 2025 کو ہونے ہیں۔

تاہم جسٹن ٹروڈو کے استعفے کے بعد ملک میں قبل از وقت الیکشن کی آوزیں اٹھنا شروع ہوگئی تھیں۔

کینیڈا کے قانون کے مطابق وزیرِ اعظم کی جانب سے حکومت تحلیل کرنے کی تجویز گورنر جنرل کو پیش کی جائے یا وزیرِ اعظم پارلیمنٹ سے اعتماد کو ووٹ لینے میں ناکام ہونے کے بعد مستعفی ہوجائیں تو قبل از وقت انتخابات ہوسکتے ہیں۔

مارک کارنی کو لبرل پارٹی کے ارکان کی واضح اکثریت نے پارٹی لیڈرشپ اور وزیرِ اعظم کے لیے چن لیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ اکتوبر سے قبل ہی الیکشن کرانے کا اعلان کردیں گے۔

بہر حال جسٹن ٹروڈو کی یہی تصویر ان کی اقتدار کے ایوان سے انوکھے الوداع کی علامت بن گئی، جب وہ اپنے قائدانہ کردار سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد یاہو اور رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG