پاکستان کرکٹ ٹیم پیر کی صبح دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہو گئی ہے تاہم اوپننگ بلے باز فخر زمان بخار میں مبتلا ہونے کے باعث روانہ نہیں ہو سکے۔
کپتان بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم لاہور سے براستہ دبئی، نیوزی لینڈ پہنچے گی۔
گرین شرٹس کو نیوزی لینڈ میں 14 روز قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔ دورے کے دوران دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 18 دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا 20 دسمبر کو ہیملٹن اور تیسرا میچ 22 دسمبر کو نیپیئر میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے ماؤنٹ ماؤنگنائی اور دوسرا ٹیسٹ تین جنوری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فخر زمان کا ہفتے کو کرونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی تاہم اس کے باوجود اتوار کو انہیں بخار کی شکایت تھی جس کے باعث انہیں الگ تھلگ کر دیا گیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی صحت اور حفاظت کے پیشِ نظر فخر زمان کو قومی ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فخر زمان کی عدم موجودگی میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچوں کے ٹاپ آرڈرز میں متبادل کی ضرورت ہو گی۔
پی سی بی کی جانب سے فوری طور پر فخر زمان کے متبادل کھلاڑی کا نام سامنے نہیں آ سکا ہے۔