رسائی کے لنکس

نجی لیب سے کرایا گیا کرکٹر محمد حفیظ کا کرونا ٹیسٹ منفی


محمد حفیظ (فائل فوٹو)
محمد حفیظ (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ نجی لیب سے کرایا گیا اُن کا کرونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرائے گئے ٹیسٹ میں حفیظ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

محمد حفیظ کا کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرائے گئے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹس پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں محمد حفیظ نے کہا کہ اُنہوں نے بدھ کو اہل خانہ کے ہمراہ نجی لیب سے کرونا ٹیسٹ کرایا جو منفی آیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا منگل کو محمد حفیظ سمیت مزید سات کرکٹرز کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جب پی سی بی کی جانب سے کرایا گیا ٹیسٹ مثبت آیا تو اُنہیں کوئی علامات نہیں تھیں۔ لہذٰا اپنی تسلی کے لیے اُنہوں نے دوبارہ ٹیسٹ کرایا۔

جن سات کھلاڑیوں کی رپورٹ منگل کو موصول ہوئی ان میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل تھے۔ کھلاڑیوں کا مساج کرنے والے ملنگ علی بھی کرونا وائرس میں مبتلا پائے گئے تھے۔

اس سے قبل لیگ اسپنر شاداب خان، فاسٹ بالر حارث رؤف اور بلے باز حیدر علی کے کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق جن افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، وہ بدھ کو لاہور میں جمع ہوں گے اور جمعرات کو ان کا ایک اور ٹیسٹ کیا جائے گا۔ جن لوگوں کے ٹیسٹ منفی آئیں گے انہیں 28 جون کو چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ روانہ کردیا جائے گا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ بھی مہمان ٹیم کا خود ٹیسٹ کرے گا اور منفی آنے کے باوجود سب کو کچھ دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مطابق، پاکستان میں جن کھلاڑیوں کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان کا قرنطینہ کا عرصہ مکمل ہونے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کرایا جائے گا اور منفی آنے کی صورت میں انہیں انگلینڈ روانہ کیا جائے گا۔

پاکستان دورہ انگلینڈ کے دوران اگست اور ستمبر میں تین ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا۔

XS
SM
MD
LG