پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک کی دورہ انگلینڈ شروع ہونے سے قبل اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں دیر سے ٹیم میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
شعیب ملک دنیا بھر میں پھیلی کرونا وائرس کی وبا کے سبب گزشتہ پانچ ماہ سے اپنی اہلیہ، بھارتی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور بیٹے سے نہیں مل سکے تھے۔
شعیب ملک نے پی سی بی سے انگلینڈ کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل کچھ دنوں کی چھٹی کے لیے درخواست دی تھی جسے پی سی بی نے ہفتے کو منظور کر لیا۔
پاکستان دورہ انگلینڈ کے دوران اگست اور ستمبر میں تین ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کا 29 رکنی اسکواڈ 28 جون کو مانچسٹر کے لیے روانہ ہوگا جب کہ اس سے پہلے کھلاڑی 14 روز تک قرنطینہ میں رہیں گے۔ ڈربی شائر میں قیام کے دوران انہیں ایس او پیز کے مطابق ٹریننگ کی اجازت ہو گی۔
البتہ شعیب ملک اب 24 جولائی کو برطانیہ کے لیے روانہ ہوں گے۔
شعیب ملک ان دنوں سیالکوٹ میں ہیں جب کہ ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور ایک سالہ بیٹا اذہان بھارت میں ہیں۔ کرونا وائرس کے باعث فضائی آپریشن بند ہونے سے شعیب ملک پانچ ماہ سے اپنے اہل خانہ سے دُور تھے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایک بیان میں کہا کہ پانچ ماہ سے اپنے گھر والوں سے دُور شعیب ملک کو خصوصی اجازت دی گئی ہے۔
اُن کے بقول اب کیوں کہ فضائی پابندیاں نرم کردی گئی ہیں لہذا یہی موقع ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ سے مل سکیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ سے بھی اس سلسلے میں بات کی تھی کہ شعیب ملک کو 24 جولائی کو انگلینڈ میں داخلے کی اجازت دی جائے۔ انگلش بورڈ اس بات پر رضا مند ہو گیا ہے۔
شعیب ملک پاکستان کے لیے صرف ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ کھیلتے ہیں۔