|
ویب ڈیسک _ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوج کے سربراہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل سی کیو براؤن جونیئر کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
جنرل سی کیو براؤن امریکی فوج میں چیئرمین کے عہدے تک پہنچنے والے دوسرے سیاہ فام جنرل تھے۔اس سے قبل جنرل کولن پاول 1989 سے 1993 تک اس عہدے پر خدمات انجام دینے والے پہلے سیاہ فام امریکی جنرل تھے۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو جنرل براؤن کو عہدے سے ہٹاتے ہوئےکہا کہ وہ ایئر فورس کے لیفٹننٹ جنرل ڈین رازن کین کو نیا چیئرمین نامزد کر رہے ہیں۔
جنرل کین عراق میں خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگان میں بھی کئی عہدوں پر کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ 40 سال سے زائد عرصے تک ملک کے لیے خدمات اور بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف خدمات پر جنرل براؤن کے مشکور ہیں۔
ان کے بقول جنرل براؤن ایک اچھے آدمی اور زبردست لیڈر ہیں۔ وہ ان کے اور ان کے خاندان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔
عہدے سے سبکدوش ہونے والےجنرل براؤن چار ہفتے قبل وزیرِ دفاع کا عہدہ سنبھالنے والے پیٹ ہیگسیتھ کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر ملاقات کرتے رہے ہیں۔
جنرل براؤن کی بطور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف 16 ماہ کی سروس میں یوکرین جنگ اور مشرقِ وسطیٰ کا تنازع سرگرم رہا تھا۔
اس رپورٹ میں شامل معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔
فورم