رسائی کے لنکس

امریکہ: سینیٹ سے حکومتی اخراجات کا بل منظور، شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو
  • جمعے کی شب امریکی سینیٹ میں یہ بل 46 کے مقابلے میں 54 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا گیا۔
  • بل کی منظوری سے اگلے چھ ماہ تک امریکی حکومت کو فنڈنگ مل سکے گی۔
  • صدر ٹرمپ نے کانگریس سے فنڈنگ بل پاس کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور جمعے کو اس کی حمایت کرنے پر شومر کی تعریف کی۔

امریکی سینیٹ نے جمعے کو حکومتی اخراجات کا ایک بل منظور کر لیا ہے جس کے بعد حکومت کے جزوی شٹ داؤن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

جمعے کی شب امریکی سینیٹ میں یہ بل46 کے مقابلے میں 54 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے امریکی ایوانِ نمائندگان نے بھی یہ بل کثرتِ رائے سے منظور کیا تھا۔

سینیٹ میں ڈیمو کریٹک پارٹی میں اس قلیل المدتی جاری قرارداد (سی آر) کی حمایت یا مخالفت کے معاملے میں اختلافات سامنے آئے تھے۔ اس قرارداد کی منظوری سے اگلے چھ ماہ تک امریکی حکومت کو فنڈنگ مل سکے گی۔ تاہم یہ گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً سات ارب ڈالرز کم ہے۔

سینیٹ میں ٹاپ رینکنگ ڈیموکریٹ اقلیتی رہنما چک شومر نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ اگرچہ وہ اس بل کو ناپسند کرتے ہیں۔ لیکن شٹ ڈاؤن "بہت بدترین آپشن" تھا۔ اس اعلان کے بعد کئی ڈیموکریٹس رہنماؤں نے چک شومر پر تنقید کی تھی۔

جمعے کی صبح سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے چک شومر کا کہنا تھا کہ ری پبلکن فنڈنگ بل کو منظور نہ کرنے سے ایلون مسک کی زیرِ قیادت ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شینسی (ڈوج) کو مزید طاقت ملتی۔

بل کی مخالفت کرنے والے درجنوں ہاؤس ڈیمو کریٹس نے جمعے کو چک شومر کو خط لکھا تھا جس میں اُن کی جانب سے اس بل کی حمایت کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

ایوانِ نمائندگان کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی نے سینیٹ ٖڈیمو کریٹس سے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر سینیٹ میں اپنے لیڈر کے خلاف جائیں۔

جمعے کو ایک بیان میں پلوسی کا کہنا تھا کہ "امریکہ نے پہلے بھی ٹرمپ کے شٹ ڈاؤن کا تجربہ کیا ہے۔ لیکن یہ نقصان دہ قانون سازی معاملات کو مزید خراب کرتی ہے۔"

صدر ٹرمپ نے کانگریس سے فنڈنگ بل پاس کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور جمعے کو اس کی حمایت کرنے پر شومر کی تعریف کی تھی۔

صدر کا کہنا تھا کہ "صحیح کام کرنے پر چک شومر کو مبارکباد۔ اُنہوں نے بہت ہمت سے کام لیا۔"

فورم

XS
SM
MD
LG