پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان یونس خان کو دو سال کے لیے ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
پی سی بی نے جمعرات کو یونس خان کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ یونس خان آسٹریلیا میں 2022 میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ رہیں گے۔
اس سے قبل یونس خان نے رواں برس دورۂ انگلینڈ کے دوران بھی پاکستان ٹیم کے لیے خدمات انجام دی تھیں اور اب باقاعدہ طور پر اُنہیں بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
بیالیس سالہ یونس خان کی پہلی ذمہ داری نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ماہ تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ہے جس کے لیے 23 نومبر کو وہ ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ جائیں گے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ یونس خان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ پرامید ہیں کہ ان کی بطور بیٹںگ کوچ تقرری ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہو گی۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کے طویل المدت منصوبوں کا حصہ بننے پر خوش ہیں۔
اُن کے بقول انہیں دورۂ انگلینڈ کے دوران ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا گیا اور بطور بیٹنگ کوچ تقرر کے بعد اب ان کی نظر دورۂ نیوزی لینڈ پر ہے۔
یاد رہے کہ یونس خان پاکستان کی جانب سے 118 ٹیسٹ، 256 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
یونس نے ٹیسٹ کریئر میں 10 ہزار 99 رنز، ون ڈے میں 7249، اور ٹی ٹوئنٹی کریئر میں 442 رنز اسکور کیے تھے اور وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ سینچریاں (34) بنانے والے بلے باز ہیں۔
یونس خان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کے علاوہ سابق اسپنر ارشد خان کا بھی تقرر کیا ہے۔ جنہیں ایک سال کے لیے خواتین کی نیشنل ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
ارشد خان پاکستان کی جانب سے نو ٹیسٹ اور 58 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 32 اور 56 وکٹیں حاصل کیں۔