رسائی کے لنکس

امریکہ کے ساتھ معدنیات پر معاہدے کے لیے تیار ہیں: یوکرینی صدر


ویب ڈیسک _ یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ معدنیات پر معاہدے کے لیے تیار ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ تعلقات خراب ہونے سے بچا سکتے ہیں۔

برطانیہ میں یورپی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر زیلنسکی نے کہا کہ ان کے خیال میں امریکہ بھی معدنیات کے معاہدے کے لیے تیار ہو گا لیکن اس کے لیے کچھ چیزوں پر غور کے لیے وقت درکار ہو گا۔

گزشتہ ہفتے صدر زیلنسکی کے دورۂ واشنگٹن کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے کا امکان تھا۔ تاہم صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس سے ہونے والی ان کی ملاقات میں تلخی کی وجہ سے بات آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔

صدر زیلنسکی نے اتوار کو کہا کہ گزشتہ تین برس سے جاری روسی جارحیت کے خلاف امریکہ کی جانب سے ملنے والی مدد پر یوکرین واشنگٹن کا مشکور ہے۔

یوکرین اور امریکی صدر کے درمیان جمعے کو ہونے والی ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے اپنے یوکرینی ہم منصب کو امریکی امداد اور حمایت کا شکریہ نہ ادا کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

صدر ٹرمپ جنگ کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں اور وہ اس سلسلے میں روسی صدر پوٹن سے ٹیلی فون پر بات بھی کر چکے ہیں جب کہ امریکہ کے اعلیٰ عہدیداروں اور روسی حکام کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا ایک دور سعودی عرب میں ہو چکا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اتوار کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمیں پوٹن کے بارے میں فکر کرنے میں کم اور جرائم پیشہ افراد کے ملک میں داخلے کے بارے میں فکر کرنے میں زیادہ وقت گزارنا چاہیے تاکہ ہم یورپ کی طرح ختم نہ ہو جائیں۔

اتوار کو لندن میں یورپی رہنماؤں کے ایک اجلاس کے بعد برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ یورپی رہنماؤں نے یوکرین میں امن سے متعلق ایک منصوبے کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جو امریکہ کو پیش کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران برطانوی وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ وقت مزید مذاکرات کا نہیں ہے بلکہ عملی اقدام کا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبرر ساں اداروں ایسوسی ایٹڈ پریس، رائٹرز اور اے ایف پی سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG