رسائی کے لنکس

چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنلز کے لیے لائن اپ مکمل


  • بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا سیمی فائنل منگل کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
  • جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پانچ مارچ کو ہوگا۔
  • اگر بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچی تو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دبئی میں ہو گا۔
  • دوسری صورت میں قذافی اسٹیڈیم ایونٹ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔

ویب ڈیسک _ چیمپئنز ٹرافی کے دونوں سیمی فائنلز کے لیے لائن اپ مکمل ہو گیا ہے۔ پہلا سیمی فائنل دبئی جب کہ دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان اتوار کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے نتیجے سے یہ فائنل ہو گیا ہے کہ کون سی ٹیم سیمی فائنل میں کس کے مدِ مقابل ہوگی۔

گروپ میچ میں بھارت نے کیویز کو 44 رنز سے شکست دی۔ بھارتی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے اور اس کا سیمی فائنل میں منگل کو آسٹریلیا سے دبئی میں ٹاکرا ہوگا۔

اگر بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کی تو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی ٹیم کی شکست کی صورت میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم ایونٹ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کے پاکستان میں نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے دونوں بورڈز کے متفقہ فیصلے کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کا اعلان کیا تھا۔

بھارت نے دبئی میں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دی ہے۔
بھارت نے دبئی میں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دی ہے۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلنا ہیں۔ اگر بھارت فائنل میں نہ پہنچا تو قذافی اسٹیڈیم ایونٹ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں پاکستان، انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ سے آؤٹ ہو چکی ہیں۔

دوسرا سیمی فائنل

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا جو مقامی وقت کے مطابق دو بجے شروع ہوگا۔

کیویز اور پروٹیز کے درمیان کھیلے جانے والے اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل لاہور میں کھیلے گی یا دبئی میں؟ اس کا فیصلہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے فیصلے پر منحصر ہے۔

اگر بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچی تو دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کو دبئی کا سفر کرنا پڑے گا۔ دوسری صورت میں آسٹریلیا کو فائنل کھیلنے کے لیے دبئی سے لاہور واپس آنا ہو گا۔

ایونٹ کا فائنل نو مارچ کو کھیلا جائے گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG