آئندہ سال قطر میں شیڈول فٹبال ورلڈ کپ فائنلز تک رسائی کے لیے کھیلے جانے والے کوالیفائنگ مقابلے میں پرتگال نے لگزمبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پرتگال کی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں کھیلے گئے تین میں سے دو میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست ہے۔
فٹبال کا عالمی کپ آئندہ سال قطر میں کھیلا جائے گا اور اس ایونٹ میں شرکت کے لیے مختلف ٹیموں کے درمیان کوالیفائر مقابلے جاری ہیں۔
منگل کو لگزمبرگ سٹی میں کھیلے گئے میچ کے 30 ویں منٹ میں لگزمبرگ نے برتری حاصل کر لی تاہم پہلے ہاف کے اضافی وقت میں پرتگال نے میچ برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف کے 50 ویں منٹ میں رونالڈو نے شان دار گول کر کے پرتگال کو برتری دلا دی جس کے بعد میچ کے 80 ویں منٹ میں پرتگال کی جانب سے تیسرا گول داغ دیا گیا تھا۔
اس گول کے ساتھ ہی رونالڈو کے بین الاقوامی میچز میں گولز کی تعداد 103 ہو گئی ہے اور وہ سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے والے ایرانی فٹ بالر علی داعی سے چھ گول پیچھے ہیں۔
ایک جانب جہاں آئندہ سال قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری ہیں تو مختلف ممالک کی جانب سے اسٹیڈیمز اور دیگر تعمیرات میں حصہ لینے والے مزدوروں کے ساتھ بھی اظہارِ یکجہتی کیا جا رہا ہے۔
انسانی حقوق کی بعض تنظیموں نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اسٹیڈیمز اور دیگر تعمیرات کے دوران مزدوروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تنقید کی ہے۔
البتہ، قطری حکام ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔
قطر نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں سات نئے اسٹیڈیمز، ایک نیا ایئر پورٹ، سڑکیں، ہوٹلز اور دیگر تعمیرات کا آغاز کیا تھا۔
انتظامیہ نے کھلاڑیوں اور شائقین کو ٹھہرانے کے لیے ایک نیا شہر آباد کرنے کا بھی منصوبہ شروع کر رکھا ہے۔
قطر میں شیڈول ورلڈ کپ فائنلز میں 32 ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی۔ یہ ایونٹ 21 نومبر 2022 سے 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔