رسائی کے لنکس

عالمی شہرت یافتہ سابق فٹ بالر رونالڈینو بھی کرونا وائرس کا شکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

برازیل کے سابق فٹ بالر رونالڈینو کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ بیماری کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو سب سے الگ تھلگ کر لیا ہے اور وہ ان دنوں ایک ہوٹل میں مقیم ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق رونالڈینو برازیل کے شہر بیلو ہوریزونٹے میں مقامی فٹ بال کلب کی جانب سے کھیل رہے تھے جہاں اُن میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

رونالڈینو نے اتوار کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ گزشتہ روز بیلو ہوریزونٹے پہنچے تھے جہاں اُن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ہوا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

ان کے بقول وہ ٹھیک ہیں اور ان میں اب تک کرونا وائرس کی بظاہر کوئی علامت نہیں۔

رونالڈینو کا کہنا ہے کہ جب تک اُن کی طبیعت بہتر نہیں ہوجاتی، وہ ہوٹل میں ہی قیام کریں گے۔

رونالڈینو حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے فٹ بال کی دوسری نامور شخصیت ہیں۔ ان سے قبل عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

رونالڈینو بارسلونا کے سابق ٹیم ممبر ہونے کے ساتھ ساتھ دو مرتبہ فیفا ورلڈ پلیئر آف دی ایئر بھی رہ چکے ہیں۔

رونالڈینو ماضی میں اے سی میلان، فلیمینگو اور گریمیو کی نمائندگی بھی کرتے رہے ہیں۔

رونالڈینو رواں برس کے شروع میں اپنے بھائی اور بزنس منیجر کے ساتھ ایک ماہ تک پیراگوئے کی جیل میں گزار چکے ہیں۔ اُن پر پیراگوئے میں جعلی پاسپورٹ پر داخل ہونے کا الزام عائد تھا۔

XS
SM
MD
LG