رسائی کے لنکس

لیژر فٹ بال لیگ کے دوسرے میچ میں رونالڈینو ٹیم کی جیت


لاہور میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ فٹ بال کا دوسرا نماشی میچ۔ 9 جولائی 2017
لاہور میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ فٹ بال کا دوسرا نماشی میچ۔ 9 جولائی 2017

ریان گگز کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں۔۔

لاہور لیژر فٹبال لیگ کے دوسرے نمائشی میچ میں بھی رونالڈینو سیون نے رائن گگز کے خلاف 2-0 کامیابی حاصل کر لی،دونوں نمائشی میچ رونالڈینیو کی ٹیم نے جیتے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے گئے میچ میں رونالڈینو سیون نے میچ 0-2 سے جیت لیا۔میچ کے دونوں گول پاکستانی کھلاڑی نے سکو ر کئے۔ میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔

میچ کے اختتام پر رونالڈینو نے وننگ ٹرافی اٹھاکر شائقین کی داد وصول کی اور پاکستان کی میزبانی کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ کے پہلے کوارٹر میں رونالڈینو نے گول کرنے کا ایک موقع اس وقت کھودیا جب ڈیوڈ جیمز نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی شوٹ روک لی۔

دوسرے کوارٹر میں لوئس بوا مورٹے کے پاس کی بدولت ریاض نے بہترین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک-صفر کی سبقت دلوادی۔ رونالڈینو نے گول کرنے کی ایک بہترین کوشش کی، تاہم ان کی کک گول پوسٹ سے چند انچز کے فاصلے پر رہی۔

تیسرے کوارٹر میں رونالڈینو کے پاس کی بدولت حسن بشیر نے ایک گول اور کرکے اپنی ٹیم کی جیت کا تقریباً یقینی بنادیا اور اس طرح رونالڈینو سیون یہ میچ 0-2 سے جیت گئی۔

نمائشی میچ کھیلنے والے پاکستانی فٹبالرز میں محمد رسول، محمد عیسیٰ، عزیز رازق، محمد عادل، عدنان، محمد علی، احمد، یوسف بٹ، صدام حسین، کلیم اللہ، سعد اللہ، حسن بشیر، محمد ریاض اور کامران شامل تھے۔

گزشتہ روز کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں رونالڈینیو کی ٹیم نے گگز کی ٹیم کو 0- 2 سے شکست دی تھی۔

لاہور میں میچ سے قبل رونالڈینو اور ریان گیگز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں کرکٹ مقبول کھیل ہے تاہم فٹبال کی مقبولیت حوصلہ افزا ہے، خاص طور پر نئی نسل دنیا کے سب سے بڑے کھیل کی دلدادہ ہے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ وہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی پر بہت خوش ہیں۔ کراچی اور لاہور میں ہونے والے میچز دنیا کے لئے ایک پیغام ہیں۔

ریان گگز کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں۔۔

لاہور میں آج کے میچ کے لئے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئےتھے جب کہ فٹ بال کے شائقین کو گراؤنڈ تک لے جانے کے لئے خصوصی شٹل سروس چلائی گئی تھی۔

فورٹ ریس گراؤنڈ کے اطراف پاک فوج کے اہلکار تعینات تھے اور شرکا کو جامع تلاشی کے بعد گراؤنڈ تک جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG