رسائی کے لنکس

میسی کا بارسلونا سے جھگڑا ختم کرنے کی خواہش کا اظہار


لیونل میسی بارسلونا کے لیے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے فٹ بالر ہیں۔
لیونل میسی بارسلونا کے لیے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے فٹ بالر ہیں۔

اسپین کے مشہور فٹ بال کلب بارسلونا کے کپتان لیونل میسی نے کلب سے جھگڑے کو ختم کرنے اور ٹیم کو متحد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

میسی نے 'بارسلونا اسپورٹس نیوز پیپر' کو ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ اُن کے کلب کے ساتھ بہت سے اختلافات ہیں اس کے باوجود وہ چاہیں گے کہ تمام اختلافات کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بارسلونا کلب کے ہر رکن کو متحد ہونا چاہیے اور تصور کرنا چاہیے کہ مستقبل میں ٹیم کے لیے بہتری کے امکانات روشن ہوں گے۔

میسی بارسلونا کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور وہ رواں برس کے اختتام تک کلب کے ساتھ معاہدے کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ گزشتہ سیزن میں بارسلونا کی ٹیم نے کوئی ٹرافی نہیں جیتی تھی جس پر میسی کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ ارجنٹائن کی نیشنل ٹیم کے اسٹار فٹ بالر میسی طویل عرصے سے بارسلونا کے لیے ہی کھیل رہے ہیں۔ وہ بارسلونا کے لیے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے فٹ بالر ہیں۔

انٹرویو کے دوران میسی نے کہا کہ وہ اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں لیکن ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ کلب کو مضبوط اور بہتر بنائیں۔

بارسلونا کلب کے اسٹار فٹ بالر لیوس ساروز بھی کلب سے الگ ہو چکے ہیں۔ اُن کے یوں کلب چھوڑ جانے پر گزشتہ جمعے میسی نے تنقید کی تھی۔

میسی کا کہنا تھا کہ متحد ہونا اور ایک ہی سمت میں آگے بڑھنا ہی کلب کا مقصد ہے لیکن ساروز کے جانے سے متعلق جو حقائق ہیں وہ میرے لیے حیران کن نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG