رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: بڑے کھلاڑیوں کے عطیات


دنیابھر میں پھیلی کرونا وائرس کی وبا کے خلاف جہاں کاروباری شخصیات عطیات کا اعلان کر رہی ہیں وہیں فن کاروں کے بعد کرکٹرز اور فٹ بالر بھی اس کام میں پیش پیش نظر آرہے ہیں۔

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کرونا کے خلاف جنگ میں اپنی آدھی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ مایہ ناز فٹ بالر لیونل میسی نے بھی 10 لاکھ یورو عطیہ کیے ہیں۔

بنگالی کرکٹرز نے سوشل میڈیا پر اپنے مشترکہ بیان میں ان عطیات کا اعلان کیا۔

رقوم عطیہ کرنے والے 27 کھلاڑیوں میں سے 17 بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے کنٹریکٹ یافتہ ہیں جبکہ باقی 10 حال ہی میں قومی ٹیم کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پوری دنیا اس وقت کرونا وائرس کی وبا کا شکار ہے، یہ وبا بنگلادیش میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ لہذٰا ہم بطور کرکٹرز عوام کو سوشل میڈیا پر آگاہی دے رہے ہیں کہ اس وبا سے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

کھلاڑیوں کا مزید کہنا ہے کہ ہم آگاہی سے بڑھ کر بھی کچھ کر سکتے ہیں اس لیے موجودہ اور سابقہ کھلاڑیوں نے مل کر عطیات دینے کا فیصلہ کیا۔

کھلاڑی اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے مشاورت کر رہے ہیں کہ عطیات کہاں دیے جائیں کیونکہ حکومت نے اس حوالے سے کوئی باقاعدہ فنڈ قائم نہیں کیا۔

فٹ بال کلب بارسلونا کے کپتان لیونل میسی نے بھی 10 لاکھ یورو کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔

میسی کی جانب سے یہ عطیہ بارسلونا کے ایک اسپتال کو دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے اپنے ٹوئٹ میں میسی کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

اسپین کرونا وائرس سےشدید متاثر ممالک میں شامل ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔ وہاں اب تک 2700 کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد تقریبا 40 ہزار ہے۔

XS
SM
MD
LG