رسائی کے لنکس

'میسی سے اچھے تعلقات بارسلونا انتظامیہ کے لیے ناقابلِ قبول تھے'


اسپین کے مشہور فٹ بال کلب بارسلونا کے لیے کھیلنے والے اسٹرائیکر لوئس سواریز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی میسی سے قربت، کلب کی انتظامیہ کو برداشت نہیں تھی۔ (فائل فوٹو)
اسپین کے مشہور فٹ بال کلب بارسلونا کے لیے کھیلنے والے اسٹرائیکر لوئس سواریز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی میسی سے قربت، کلب کی انتظامیہ کو برداشت نہیں تھی۔ (فائل فوٹو)

اسپین کے مشہور فٹ بال کلب بارسلونا کے لیے کھیلنے والے اسٹرائیکر لوئس سواریز نے کلب چھوڑنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کلب انتظامیہ کی رویے کی وجہ سے کلب سے اپنے راستے الگ کیے۔

لوئس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ارجنٹائن کے سپر اسٹار لیونل میسی سے قربت، کلب کی انتظامیہ کو برداشت نہیں تھی اور وہ انہیں ان سے دور رکھنے کی کوشش کرتے تھے۔

جمعے کو چلی کے خلاف فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں یوراگوئے کی فتح کے بعد لوئس سوریز کا کہنا تھا کہ کلب انتظامیہ کے رویے کی وجہ سے وہ دلبرداشتہ تھے۔ یہاں تک کہ انہیں ٹریننگ میں بھی شرکت نہیں کرنے دی جاتی تھی۔

لوئس سواریز بارسلونا کلب چھوڑ کر اٹلیٹیکو میڈرڈ کلب کا اس وقت حصہ بنے جب ان کے پانچ سالہ کنٹریکٹ کی مدت میں ابھی ایک سال باقی تھا۔

بارسلونا کلب کے لیے کھیلتے ہوئے لوئس نے چھ برس کے دوران 198 گول کیے تھے۔ جن کی مدد سے بارسلونا کلب چار لا لیگا، چار ڈومیسٹک کپ اور 2015 کی چیمپئنز لیگ جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ کلب انتظامیہ کو ان کے اور میسی کے ساتھ اچھے تعلقات چبھتے تھے۔ ان کے بقول انہیں سمجھ نہیں آتی کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا جس سے ٹیم کو نقصان پہنچا۔

میڈیا سے گفتگو میں لوئس سواریز کا مزید کہنا تھا کہ وہ اور میسی کھیل کے دوران ایک دوسرے کی طرف متوجہ رہتے تھے۔ لیکن اس کا فائدہ ٹیم کو ہوتا تھا۔

ان کے بقول شائد کلب انتظامیہ چاہتی تھی کہ وہ دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ویسی ہی ہم آہنگی بنائیں۔

بارسلونا کلب کے لیے کھیلتے ہوئے لوئس نے چھ سالوں کے دوران 198 گول کیے۔ (فائل فوٹو)
بارسلونا کلب کے لیے کھیلتے ہوئے لوئس نے چھ سالوں کے دوران 198 گول کیے۔ (فائل فوٹو)

تینتیس سالہ لوئس سواریز نے بارسلونا کلب کے ساتھ گزارے آخری دنوں کے بارے میں بتایا کہ انہیں نئے سیزن کے آغاز سے پہلے سائیڈ میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ آخری سیزن میں بارسلونا کلب کی بری کارکردگی کی وجہ سے ٹیم کی از سر نو تشکیل کی گئی تھی۔ تاہم لوئس سواریز کے کلب چھوڑنے پر میسی سمیت کئی لوگ حیران ہوئے تھے۔

ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے لوئس سواریز کا کہنا تھا کہ وہ دن بہت کٹھن تھے اور انہیں ان حالات کی وجہ سے رونا پڑا۔

برطانوی اخبار ‘دی گارجین’ کے مطابق لوئس سواریز کا کہنا تھا کہ صرف ان کی اہلیہ دیکھ سکتی تھیں کہ وہ بارسلونا کلب میں کتنے ناخوش ہیں اور وہ مجھے دوبارہ سے خوش دیکھنا چاہتی تھیں۔

لوئس سواریز نے مزید کہا کہ ایسی صورتِ حال میں جب انہیں اٹلیٹیکو میڈرڈ کلب میں شمولیت کا موقع ملا تو ان کے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا۔

XS
SM
MD
LG