|
ویب ڈیسک — آسٹریلیا سے چوتھے ٹیسٹ میچ میں 184 رنز سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما پر ریٹائرمنٹ کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ رپورٹ کر رہے ہیں کہ روہت شرما سڈنی ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام اور سلیکٹرز بھی کپتان سے فیصلے پر بات کر چکے ہیں۔
فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہے کہ آیا روہت ٹیسٹ کرکٹ کو کب الوداع کہیں گے۔ البتہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سڈنی ٹیسٹ کے بعد ہو جائے گا۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ تین جنوری کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی چھ اننگز میں روہت نے صرف 31 رنز بنائے ہیں۔ ان کی انفرادی کارکردگی پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
روہت نے اپنی خراب کارکرگی کا ذکر میلبرن ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد پریس بریفنگ کے دوران بھی کیا تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ ٹیم کے اجتماعی مسائل کے علاوہ ان کی اپنی پرفارمنس سمیت کچھ ایسی چیزیں ہیں جن پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
روہت کے مطابق ماضی میں جو کارکردگی رہی ہو لیکن حالیہ کچھ نتائج ان کے حق میں نہیں رہے۔ بطور کپتان وہ اس پر مایوس ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میچ میں شکست کی صورت میں بھارتی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔
جنوبی افریقی ٹیم پہلے ہی پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقی ٹیم 66 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ آسٹریلوی ٹیم 61 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم 52 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ روہت الیون کے فائنل میں پہنچنے کے لیے سڈنی ٹیسٹ جیتنا لازم ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر بھارتی ٹیم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تو روہت سلیکٹرز کو قائل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں کہ انہیں ٹیم کی قیادت پر برقرار رکھا جائے۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے فروری 2022 میں وراٹ کوہلی کی معزولی کے بعد ٹیم کی قیادت روہت شرما کو سونپی تھی۔
روہت نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں اب تک 67 میچز کھیل لیے ہیں اور وہ 12 سینچریوں اور 18 نصف سینچریوں کی بدولت چار ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔