|
ویب ڈیسک -- کابل میں اقوامِ متحدہ کے دفتر پر فائرنگ کے نتیجے میں طالبان کا ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے ۔ واقعے میں اقوامِ متحدہ کا سیکیورٹی پر مامور کانٹریکٹر بھی زخمی ہوا ہے۔
افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے مشن (یو این اے ایم اے) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں طالبان کا ہی ایک سیکیورٹی اہلکار ملوث ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان سیکیورٹی فورسز کے ایک اہلکار نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اقوامِ متحدہ کے کمپاؤنڈ کے باہر تعینات طالبان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوا ہے۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص بھی سیکیورٹی گارڈ تھا جو اقوامِ متحدہ کے لیے بطور کانٹریکٹر خدمات انجام دے رہا تھا۔ تاہم واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
طالبان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں طالبان سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور اقوامِ متحدہ کا ایک کانٹریکٹر زخمی ہوا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مشن کے مطابق واقعے کے بعد طالبان حکام نے کمپاؤنڈ کے باہر نقل و حرکت روک دی تھی۔
کمپاؤنڈ میں اقوامِ متحدہ کی متعدد ایجنسیوں کے دفاتر، فنڈز، پروگرامز اور اقوامِ متحدہ کے بین الاقوامی عملے کے ارکان کے لیے رہائش ہے۔
یہ رپورٹ ' رائٹرز' سے لی گئی ہے۔
فورم