رسائی کے لنکس

لیبیا کی ’بگڑتی ہوئی صورت حال‘ پر شدید تشویش کا اظہار


برسلز
برسلز

برسلز میں منعقدہ اجلاس میں شرکاٴ نے لیبیا کے اُن باہمت محب وطن افراد کو سراہا، جنھوں نے امن کی کوششوں کا حصہ بننے کی خاطر کئی ایک خطرات کا ہمت سے سامنا کیا

امریکہ، عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کی طرف سے لیبیا کی ’بگڑتی ہوئی صورت حال‘ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

لیبیا کی موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے، امریکہ کے علاوہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ، یورپی یونین کے امور خارجہ اور سکیورٹی پالیسی کے نمائندہٴخصوصی، اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل برائے سیاسی امور نے تین دسمبر کو برسلز میں ملاقات کی۔

ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ، اجلاس میں لیبیا کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نمائندہٴ خصوصی، برنارڈینو لیون کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا گیا جس میں بات چیت کا نیا دور شروع کرنے کے لیے، نو دسمبر کو لیبیا کی اہم شخصیات پر متشمل ایک اجلاس بلانے کی تدبیر کی گئی ہے۔

اجلاس نے مختلف فریق کی جانب سے پیش کردہ ’مثبت ردِ عمل‘ کا بھی خیر مقدم کیا، اور اِس بات پر زور دیا کہ وہ بغیر شرائط کے اس عمل میں ایک تعمیری انداز اپناتے ہوئے شریک ہوں، جس کے ذریعے ہی مستقبل کی راہ کے تعین کا ایک پائیدار راستہ نکل سکتا ہے۔

اُنھوں نے لیبیا کے باہمت محب وطن افراد کو سراہا، جنھوں نے امن کی کوششوں کا حصہ بننے کے لیے کئی ایک خطرات کا ہمت سے سامنا کیا ہے۔

اجلاس نے اقوام متحدہ کی اُن کوششوں کی توثیق کی، تاکہ لیبیا میں ایک قومی وحدت پر مشتمل حکومت کی تشکیل کے لیے اہم شراکت داروں کے ساتھ کام کیا جاسکے، اور اُنھوں نے اس نوعیت کی حکومت تشکیل دینے کی بھی حامی بھری۔

شرکاٴ نے تشدد کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی، جن میں فضائی کارروائیاں بھی شامل ہیں، جس کے باعث، مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی راہ میں مشکلات پیش آئیں، اور تشدد کے نتیجے میں لیبیا کے تمام لوگوں کو لاحق بے انتہا مشکلات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، برطانیہ، امریکہ، یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے ’مخاصمانہ کارروائیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا اعادہ کیا‘؛ اور کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی قیادت میں جاری اِس عمل میں تمام متعلقہ فریق شریک ہونے میں ناکام ہوتے ہیں، تو لیبیا اور خطے میں بڑھتے ہوئے دشت گرد خطرات کا توڑ کرنے کے لیے، لیبیا کی وحدت، استحکام اور سلامتی کے لیے مزید اقدامات کرنے کے لیے، وہ اپنی خدمات پیش کرنے کے خواہشمند ہیں۔

XS
SM
MD
LG