رسائی کے لنکس

لیبیا: مصر ،عرب امارات کے سفارت خانوں پر بم حملے


مصری سفارت خانے کے نزدیک ہونے والے بم دھماکے سے سفارتی خانے کی بعض عمارتوں اور گوداموں کو نقصان پہنچا ہے۔

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں مصر اور متحدہ عرب امارات کے سفارت خانوں کے نزدیک بم دھماکے ہوئے ہیں تاہم ان میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق مصری سفارت خانے کے نزدیک ہونے والے بم دھماکے سے سفارتی خانے کی بعض عمارتوں اور گوداموں کو نقصان پہنچا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا بم دھماکوں کا ہدف سفارت خانوں کی عمارتیں ہی تھیں اور دھماکوں کے وقت وہاں عملے کے افراد یا محافظ موجود تھے یا نہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال موسمِ گرما میں حکومت پر قبضے کےلیے متحارب دھڑوں کے مابین جھڑپیں شروع ہونے کے بعد مصر اور عرب امارات کی حکومتوں نے بھی دیگر ملکوں کی طرح طرابلس سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلالیا تھا۔

جمعرات کو ہونے والے ان بم حملوں سے ایک روز قبل بدھ کو لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے زیرِانتظام قصبوں میں بھی کئی کار بم دھماکے ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ یہ حکومت اور منتخب پارلیمان کے ارکان مشرقی شہر تبروک سے نظامِ حکومت چلا رہے ہیں جب کہ دارالحکومت طرابلس پر ان کی مخالف اور متوازی حکومت کا قبضہ ہے۔

تبروک میں قائم حکومت کا الزام ہے کہ طرابلس پر قابض دھڑے کو پڑوسی ملک مصر کی سیاسی اور فوجی مدد حاصل ہے۔

یاد رہے کہ لگ بھگ تین سال قبل مغربی ملکوں کی حمایت اور فوجی مدد سے لیبیا کے عوام نے مسلح مزاحمت کے ذریعے کئی عشروں تک برسرِ اقتدار رہنے والے فوجی آمر معمر قذافی کا تختہ الٹ دیا تھا۔

لیکن قذافی حکومت کے خاتمے کے بعد سے لیبیا سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے اور مختلف گروہ، مسلح ملیشیائیں اور قبائلی جنگجو حکومت اور علاقوں پر قبضے کے لیے ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔

متحارب دھڑوں کے درمیان بات چیت کے ذریعے تصفیہ کرانے کی تمام بین الاقوامی کوششیں تاحال ناکامی سے دوچار ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG