رسائی کے لنکس

ایلون مسک کی اے آئی کمپنی کے چیٹ بوٹ 'گروک 3' میں کیا خاص ہے؟


  • ایلون مسک کی کمپنی نے چیٹ بوٹ کے نئے ماڈل گروک 3 کو پیر کو ریلیز کیا۔
  • یہ اے آئی چیٹ بوٹ نہ صرف تصاویر کا جائزہ لے سکتا ہے بلکہ سوالوں کے جوابات بھی دے سکتا ہے۔
  • گروک 3 کو اس سے قبل آنے والے گروک 2 کے مقابلے میں '10 گنا' زیادہ کمپیوٹنگ پاور کے ساتھ تیار کیا گیا ہے: ایلون مسک

ویب ڈیسک ایلون مسک کی آرٹیفیشل انٹیلی جینس (اے آئی) کمپنی 'ایکس اے آئی' نے اپنے چیٹ بوٹ کے نئے ماڈل 'گروک 3' کو ریلیز کردیا ہے۔

ایکس اے آئی کی جانب سے پیر کو رات گئے اس ماڈل کی ریلیز کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر ایلون مسک اور ان کی ٹیم کے اراکین نے لائیو اسٹریمنگ کے دوران مختلف ڈیموز بھی کیے۔

گروک چیٹ بوٹ اےآئی کمپنی اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی -4o اور گوگل کے جیمینائی جیسے اے آئی ماڈلز کے مدِ مقابل کے طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ اے آئی چیٹ بوٹ نہ صرف تصاویر کا جائزہ لے سکتا ہے بلکہ سوالوں کے جوابات بھی دے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے 2023 میں ایکس اے آئی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔اس سے قبل 2015 میں مسک نے سیم آلٹمین کے ساتھ مل کر ایک غیر منافع بخش ادارے کے طور پر 'اوپن اے آئی' کی بنیاد رکھی تھی۔ لیکن کمپنی کے عروج سے قبل ہی مسک اس سے الگ ہوگئے تھے۔

ٹیکنالوجی کی خبریں فراہم کرنے والی ویب سائٹ 'ٹیک کرنچ' کے مطابق ایکس اے آئی نے 'گروک 3' کی ٹریننگ کے لیے امریکی شہر میمفس میں موجود ایک بڑے ڈیٹا سینٹر کا استعمال کیا ہے جس میں لگ بھگ دو لاکھ 'گرافک پروسیسرز یونٹس 'جی پی یوز' موجود ہیں۔

ایلون مسک نے ایک 'ایکس' پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گروک 3 کو اس سے قبل آنے والے گروک 2 کے مقابلے میں '10 گنا' زیادہ کمپیوٹنگ پاور کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس کے لیے ایک وسیع ڈیٹا سیٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔

مسک نے پیر کو ایک لائیو اسٹریم پریزنٹیشن کے دوران کہا کہ گروک 3 کی صلاحیت گروک 2 کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ ان کے بقول یہ زیادہ سے زیادہ سچائی تلاش کرنے والا اے آئی ہے۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ہم تخلیقی صلاحیتوں کے آغاز کو دیکھ رہے ہیں۔

اس سے قبل ایلون مسک نے اپنے اس اے آئی چیٹ بوٹ کو ذہین ترین قرار دیا تھا۔

لائیو اسٹریمنگ کے دوران گروک 3 کا ڈیمو کرتے ہوئے مسک اور ان کے ساتھیوں نے اے آئی چیٹ بوٹ کو فزکس کا مسئلہ حل کرنے اور ایک پزل گیم بنانے کا ٹاسک بھی دیا۔

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ انہوں نے گیم کھیلا ہے اور یہ بہت اچھا ہے۔

ایکس اے آئی کے مطابق گروک 3 کے ابتدائی ورژن نے چیٹ بوٹ ارینا پر بھی اچھا اسکور کیا ہے۔

چیٹ بوٹ ارینا ایک عوامی ٹیسٹ ہے جس میں مختلف اے آئی ماڈلز کا ایک دوسرے سے مقابلہ ہوتا ہے اور صارفین اپنے متعلقہ جوابات پر ووٹ دیتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گروک 3 فیملی کے دو ماڈلز گروک 3 ریزننگ اور گروک 3 منی ریزننگ کسی مطلوب معلومات پر اچھی طرح سے سوچ سمجھ کر جواب دے سکتے ہیں۔ یہ اسی طریقے سے کام کرتا ہے جیسے اوپن اے آئی کا او تھری منی اور چینی اے آئی کمپنی ڈیپ سیک کے آر ون 'ریزننگ' ماڈل کرتے ہیں۔

ریزننگ ماڈلز ایسے ماڈل کو کہتے ہیں جو نتائج دینے سے قبل خود سے فیکٹ چیک یعنی حقائق کی جانچ کی کوشش کرتے ہیں۔

ایکس اے آئی کا دعویٰ ہے کہ گروک 3 ریزننگ نے او تھری منی کے بہترین ورژن او تھری منی ہائی کو کئی مشہور بینچ مارکس پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ایکس اے آئی کا کہنا ہے گروک 3 کے ریزننگ ماڈل ابھی بیٹا موڈ میں ہے اور اس کی ٹریننگ جاری ہے۔

صارفین گروک ایپ کے ذریعے ریزننگ ماڈلز تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ ایکس اے آئی کے مطابق ریاضی، سائنس اور پروگرامنگ سے متعلق سوالات کے لیے ریزننگ ماڈلز بہترین ہے۔

گروک 3 کے علاوہ اس کا ایک چھوٹا ورژن گروک 3 منی بھی ہے۔ گروک 3 فیملی کے تمام ماڈل اور اس سے متعلقہ فیچرز میں سے کچھ ابھی بیٹا ورژن میں موجود ہیں۔

اسی کے ساتھ ساتھ اوپن اے آئی کے ڈیپ سرچ کی طرح گروک ایپ میں بھی ڈیپ سرچ کا فیچر موجود ہے۔

گروک کے ڈیپ سرچ کے اس فیچرز میں اے آئی ماڈل انٹرنیٹ اور ایکس پر موجود معلومات کو اسکین کرتا ہے اور سوال کے جواب میں ایک خلاصہ پیش کرتا ہے۔

ابتدائی طور پر ایکس کے پریمیئم سبسکرائبرز کو گروک 3 تک رسائی حاصل ہو گی جب کہ اس کے دیگر فیچرز ایک نئے پلان 'سپر گروک' کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق اس پلان کی ماہانہ چارجز 30 ڈالر ہو سکتے ہیں۔

سپر گروک میں صارفین کو اضافی ریزننگ اور ڈیپ سرچ جب کہ لاتعداد امیج جنریشن کے فیچرز فراہم کیے جائیں گے۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ لگ بھگ ایک ہفتے بعد گروک ایپ میں 'وائس موڈ' کا اضافہ کیا جائے گا جس کے بعد ان کا منصوبہ ہے کہ آنے والے مہینوں میں گروک 2 کو اوپن سورس کردیا جائے۔

فورم

XS
SM
MD
LG