|
ویب ڈیسک -- ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کی زیرِ قیادت سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے آرٹیفیشل انٹیلی جینس کمپنی 'اوپن اے آئی' خریدنے کے لیے 97 ارب ڈالرز سے زائد کی پیشکش کی ہے۔
' چیٹ جی پی ٹی' بنانے والی کمپنی 'اوپن اے آئی' کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سیم آلٹمین نے اس پیشکش پر اپنے ردِ میں'ایکس' پر لکھا کہ "نہیں شکریہ۔ لیکن اگر آپ چاہیں تو ہم 9.74 ارب ڈالر میں ٹوئٹر [موجودہ ایکس] خرید لیں گے۔"
واضح رہے کہ 2015 میں ایلون مسک نے سیم آلٹمین کے ساتھ مل کر ایک غیر منافع بخش ادارے کے طور پر اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی۔
لیکن کمپنی کے عروج سے قبل ہی مسک اس سے الگ ہوگئے تھے۔ 2023 میں اُنہوں نے اس کے مقابلے میں اے آئی اسٹارٹ اپ 'ایکس اے آئی' کی بنیاد رکھی تھی۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایلون مسک کی زیرِ قیادت کنسورشیم میں ان کے اے آئی اسٹارٹ اپ ایکس اے آئی، بیرن کیپٹل گروپ، ویلر مینیجمنٹ، اٹریڈیز مینیجمنٹ، وی وائی فنڈ تھری، ایمانوئل کپیٹل مینیجمنٹ اور ایٹ پارٹنرز شامل ہیں۔
مسک کی اس پیش کش سے متعلق سب سے پہلے رپورٹ کرنے والے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ڈیل کے نتیجے میں ایکس اے آئی،اوپن اے آئی میں ضم ہو سکتی ہے۔
مسک الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی 'ٹیسلا' اور سوشل میڈیا کمپنی 'ایکس' کے مالک اور امریکی صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادی ہیں۔ وہ صدر ٹرمپ کی حکومت میں ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شینسی کی قیادت کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے حال ہی میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس کو وسعت دینے کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے 500 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا جسے 'اسٹار گیٹ اے آئی' منصوبے کا نام دیا گیا ہے۔
اس منصوبے کی قیادت 'اوپن اے آئی' کرے گی جب کہ ٹیکنالوجی کمپنی 'اوریکل' اور 'سافٹ بینک' بھی اس میں شامل ہیں۔ مسک نے اس منصوبے پر تنقید کی تھی۔
اوپن اے آئی اب ایک غیر منافع بخش ادارے سے ایک منافع بخش ادارے میں تبدیل ہونے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ بہترین اے آئی ماڈلز کی تیاری کے لیے درکار سرمایہ حاصل کرنے کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے۔
ایلون مسک نے آلٹمین اور دیگر کے خلاف گزشتہ برس اگست میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اے آئی کے فروغ میں عوامی مفاد کو پیچھے چھوڑ کر منافع کو ترجیح دی جو معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی تھی۔
نومبر میں انہوں نے ایک امریکی عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ اوپن اے آئی کو منافع بخش اسٹرکچر میں تبدیل ہونےسے روکنے کے لیے حکمِ امتناع جاری کرے۔
اس رپورٹ کے لیے بعض معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں۔
فورم