رسائی کے لنکس

’ذوالحج‘ کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحیٰ 6 اکتوبر کو ہوگی


فائل
فائل

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا، جبکہ زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں ہوئے۔ تاہم، ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں

کراچی ۔۔۔ پاکستان میں ’ذوالحج‘ کا چاند نظر نہیں آیا۔ لہٰذا، عید الاضحیٰ پیر 6 اکتوبر کو منائی جائے گی۔ اس بات کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔

چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو محکمہٴ موسمیات کراچی کے دفتر میں ہوا۔

اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماٴ، ماہر موسمیات اور فلکیات نے شرکت کی، جبکہ زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں ہوئے۔ تاہم، کسی کمیٹی کو ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔

ماہرین موسمیات و فلکیات نے پہلے ہی جمعرات کو چاند نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کر دیا تھا۔ چیف میٹرولوجسٹ محکمہٴموسمیات توصیف عالم نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں امکان ظاہر کیا تھا کہ 25 ستمبر کو چاند نظر نہیں آئے گا۔

رواں سال ’حج اکبر‘ ہوگا
ادھر، سعودی عرب میں، بدھ کو ذوالحج کا چاند نظر آگیا تھا، جس کے مطابق وہاں عید 4 اکتوبر بروز ہفتے کو منائی جائے گی اور حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ جمعہ 3 اکتوبر کو ادا کیا جائے گا۔ جمعہ ہونے کی وجہ سے اس سال ’حج اکبر‘ ادا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG