رسائی کے لنکس

پاکستان ٹی ٹوئنٹی، بھارت ٹیسٹ کی نمبر ون رینکنگ سے محروم


بھارت سے ٹیسٹ اور پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھن گئی۔ (فائل فوٹو)
بھارت سے ٹیسٹ اور پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھن گئی۔ (فائل فوٹو)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بھارت لگ بھگ چار برس بعد ٹیسٹ رینکنگ اور پاکستان دو برس سے زائد عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی کی پہلی پوزیشن سے محروم ہو گیا ہے۔

جمعے کو جاری ہونے والی نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلوی ٹیم پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئی ہے جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں آٹھ درجے ترقی پا کر آسٹریلوی ٹیم سرِفہرست ہے۔

پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئی جب کہ بھارت ٹیسٹ رینکنگ میں دو درجے تنزلی کے بعد پہلے سے تیسرے نمبر پر آگیا۔

گزشتہ برس کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح انگلش ٹیم بدستور ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ:

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا 116 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے۔ نیوزی لینڈ پانچ درجہ ترقی پا کر 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور بھارتی ٹیم دو پوائنٹس کے خسارے کے بعد 114 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔

ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ چوتھے، سری لنکا پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹی اور پاکستان کی ٹیم 86 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے۔

ابتدائی دس بہترین ٹیسٹ ٹیموں میں ویسٹ انڈیز کا نمبر آٹھواں، بنگلہ دیش نواں اور زمبابوے کا دسواں نمبر ہے۔

ون ڈے رینکنگ:

انگلینڈ سب سے زیادہ 127 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ بھارت 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 116 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقہ 108 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا 107 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

ون ڈے رینکنگ میں پاکستان 102 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ اسی طرح بنگلہ دیش، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی ٹیمیں بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ:

دو ہزار گیارہ میں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ متعارف کرائے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان سے پہلی پوزیشن چھینتے ہوئے آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

پاکستان نے جنوری 2018 میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن سنبھالی تھی۔ جس کے بعد وہ لگ بھگ 27 ماہ تک پہلی پوزیشن پر براجمان رہا۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلوی ٹیم 9 درجے ترقی پا کر 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ نے ایک درجہ ترقی پائی ہے اور وہ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ بھارت دو درجہ ترقی پا کر 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان 260 پوائںٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔ جنوبی افریقہ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان کی ٹیم دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG