رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز میں بھارت کو وائٹ واش کر دیا


ہینری نکولس میچ کے بہترین کھلاڑی اور روس ٹیلر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار
ہینری نکولس میچ کے بہترین کھلاڑی اور روس ٹیلر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

نیوزی لینڈ نے بھارت کو تیسرے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں کیویز ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 48ویں اوور کی پہلی گیند پر باآسانی حاصل کیا۔ اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل اور ہینری نکولس نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 106 رنز کی شراکت قائم کی۔

مارٹن گپٹل نے 46 گیندوں پر 66 رنز بنائے جس میں چار چھکے اور چھ چوکے بھی شامل تھے۔ اسی طرح نکولس نے 80، کپتان کین ولیمسن 22 اور روس ٹیلر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی طرف سے یزوندرا چاہل نے دو، شردل ٹھاکر اور روندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

اس سے قبل بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 296 رنز بنائے جس میں کیل راہل 112 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بھارتی کھلاڑیوں میں شہریاس ایئر 62، مانش پانڈیا 42 اور پرتھوی شاہ نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ہینری نکولس مین آف دی میچ اور سیریز میں بہترین کارکردگی پر روس ٹیلر مین آف دی سیریز قرار پائے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے نیوزی لینڈ کو پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جب کہ نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز میں بھارت کو اس کا جواب دیا ہے۔

آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بھارت دوسری اور نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں سرِفہرست ہے۔

XS
SM
MD
LG