رسائی کے لنکس

پاکستانی کرکٹ کا یادگاری ٹکٹ


یادگاری ڈاک ٹکٹ
یادگاری ڈاک ٹکٹ

کپتان سرفراز احمد نے ٹکٹ کے اجرا پر پاکستان پوسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار انيس میں قومی ٹیم ورلڈ کپ جيت کر پاکستان پوسٹ کو ایک اور یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

انگلینڈ کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں گرین شرٹس کی تاریخی فتح پر محکمہ ڈاک پاکستان کی جانب سے تین یادگاری ٹکٹوں کا اجرا کیا گیا ہے۔ یادگاری ٹکٹ کی تقریب رونمائی پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع قذافی اسٹیڈیم میں ہوئی۔ جس میں وفاقی وزیر برائے پوسٹل امیرزمان نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا ہے اور محکمہ ڈاک کی جانب سے بڑی کامیابی پر یادگاری ٹکٹ کے اجراپر خوشی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا کہ گذشتہ ایک برس میں قومی ٹیم کی کامیابیاں یاد گار ہیں۔ وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کھلاڑی، آفیشلز اور میینجمنٹ سب بہت محنت کر رہے ہیں۔

'پاکستان کی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پر پہنچی، اس کے بعد چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی اور اب تیسری شارٹ فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں بھی نمبر ون رینکنگ میں آ گئی ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ ٹیم قوم کی امیدوں پر پوری اترے گی اور پاکستان کے لیے اور بھی خوشیاں لائے گی۔'

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر یاد گاری ٹکٹس جاری کیے جانے پر خوش دکھائی دیئے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے ٹکٹ کے اجرا پر پاکستان پوسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار انيس میں قومی ٹیم ورلڈ کپ جيت کر پاکستان پوسٹ کو ایک اور یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

'جس طرح سے لڑکے کارکردگی دکھا رہے ہیں اگر یہ جیت کا تسلسل جاری رہا تو ہم انشاءاللہ سنہ دو ہزار انیس کا ورلڈ کپ جیتیں گے۔ تب آپ کو ایک اور یادگاری ٹکٹ جاری کرنا پڑے گا'۔

وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے چیئرمین پی سی بی اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو یادگاری ٹکٹوں کے فریم بھی پیش کئے۔ یاد گاری ٹکٹوں پر آئی سی سی کے تمام ممالک کے پرچم، چیمپئنز ٹرافی اور کھلاڑیوں کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔ پاکستان نے رواں سال آٹھویں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

XS
SM
MD
LG