رسائی کے لنکس

نئی ون ڈے رینکنگ میں محمد عامر کی نمایاں پوزیشن


فاسٹ بالر محمد عامر چھ درجے ترقی پا کر آئی سی سی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگئے۔ (فائل فوٹو)
فاسٹ بالر محمد عامر چھ درجے ترقی پا کر آئی سی سی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگئے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ون ڈے رینکنگ میں کیرئیر بیسٹ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے اختتام پر جمعرات کو کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کی ہے۔

مہمان سری لنکا کے خلاف سیریز میں دو صفر سے کامیابی پر پاکستانی بلے بازوں اور بالروں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

فاسٹ بالر محمد عامر نے چھ درجے ترقی پا کر دس نمایاں بالروں میں ساتویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس فہرست میں بھارت کے جیسپرت بمراہ پہلے نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ دوسرے اور جنوبی افریقہ کے کگیسو راباڈا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بائیں بازو سے بالنگ کرنے والے ایک اور پاکستانی پیسر عثمان شنواری نے 28 پوائنٹس حاصل کر کے آئی سی سی رینکنگ میں 43ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں ایک میچ کے دوران پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔

پاکستانی اوپننگ بلے باز فخر زمان دو درجے ترقی پا کر 16ویں اور حارث سہیل تین درجے ترقی کے بعد 32ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

پاکستان کے خلاف سیریز میں سنچری بنانے والے سری لنکن بلے باز دنشکا گناتھیلاکا نے نئی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اپنے کیرئیر کی سب سے نمایاں 70ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں بھارت کے وراٹ کوہلی پہلے، روہت شرما دوسرے اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔

ٹیموں کی رینکنگ میں انگلینڈ 125 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جب کہ بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دس بہترین ٹیموں کی فہرست میں پاکستان 98 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG