رسائی کے لنکس

پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی


عابد علی میچ کے بہترین اور بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار
عابد علی میچ کے بہترین اور بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

پاکستان نے مہمان سری لنکا کو تیسرے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان تھریمانے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔

پاکستان نے 298 رنز کا ہدف میچ کے 49ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پہلی وکٹ کی شراکت میں اوپنرز فخر زمان اور عابد علی نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی عابد علی تھے جنہوں نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔

دوسری وکٹ 181 رنز پر گری جب دوسرے ون ڈے میں سنچری بنانے والے بابر اعظم 31 رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ بابر اعظم کے پویلین لوٹنے کے بعد فخر زمان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 76 رنز بنا کر پردیپ ہی کی گیند پر شناکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ان کے علاوہ حارث سہیل نے 50 گیندوں پر 56 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفرز احمد نے 23 رنز کی اننگ کھیلی۔ افتخار احمد 28 اور وہاب ریاض ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی طرف سے پردیپ نے دو اور کمارا، ڈی سلوا اور جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

عابد علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اوپننگ بلے باز گناتھلاکا نے 133 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان تھریمانے 36، پریرا 13 اور بھانوکا 36 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین وکٹیں لیں۔ عثمان شنواری، محمد نواز، وہاب ریاض اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا تھا جب کہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو 67 رنز سے شکست دی تھی۔

سری لنکن ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز لاہور میں کھیلے گی۔ اور یہ میچز پانچ سے نو اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG