رسائی کے لنکس

پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں 67 رنز سے ہرا دیا


عثمان شنواری نے اس میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔
عثمان شنواری نے اس میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 67 رنز سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 306 رنز کے ہدف دیا۔

جس کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن بری طرح لڑ کھڑا گئی تھی اور ایک مرحلے پر اس کی آدھی ٹیم صرف 28 رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ چکی تھی۔

تاہم اس مرحلے پر جیسوریا اور شناکا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 177 رنز کی شراکت قائم کی۔ ان دونوں بیٹسمینوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔ لیکن بالآخر سری لنکا کی پوری ٹیم 238 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

جے سوریا صرف چار رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے۔ وہ 96 رنز پر عثمان شنواری کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کے علاوہ شناکا نے 68 اور ڈی سلوا نے 30 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے عثمان شنواری نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اُن کے علاوہ شاداب خان نے 76 رنز دے کر دو، محمد عامر، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 305 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 73 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ پندرھویں اوور میں گری جب امام الحق 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان اپنی نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد 21 ویں اوور میں 104 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ تیسری وکٹ 40 ویں اوور میں 215 کے مجموعے پر گری جب حارث سہیل رن آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم کی سینچری مکمل ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد بھی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم 115 رنز اسکور کرنے کے بعد 46 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ عماد وسیم کی صورت میں گری جنہوں نے صرف 12 رنز اسکور کیے۔

اننگز کی آخری گیند پر وہاب ریاض 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ جب کہ افتخار احمد 20 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ونندو ہاسارنگا ڈیسلوا نے دو جب کہ لہیرو کمارا اور اسورو اودانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 10 سال بعد کسی ایک روزہ کرکٹ میچ کی میزبانی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں (بدھ) دو اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

کراچی میں ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور روانہ ہوں گی جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ یہ میچز پانچ، سات اور نو اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، عابد علی، فخر زمان، آصف علی، نائب کپتان بابر اعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، محمد عامر، محمد حسنین، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد نواز اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت لہیرو تھرمانے کر رہے ہیں جب کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں منود بھانوکا، اوشادا فرننڈو، اوشکا فرننڈو، واننڈو ہسارنگا، نوان پرادیپ، دنشکا گناتھیکالا، شیان جے سوریا، لہیرو کمارا، انجیلو پریرا، کسون راجیتھا، سدیرا سمارا وکراما، لکشن سنداکان، داسن شناکا اور اسورو اودانا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر 2009 میں ہونے والے حملے کے بعد پاکستان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ اور دس سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی بین الاقوامی ٹیم طویل دورے پر پاکستان میں موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG