سری لنکن کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ تاہم اس سے قبل سری لنکا کے 10 کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔
مہمان ٹیم کو پاکستان میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا ہے۔ دورے کا آغاز رواں ماہ کی 27 تاریخ سے ہو رہا ہے جو 9 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق کھلاڑی پاکستان کا دورہ کرنے یا کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے میں آزاد تھے۔ تاہم 10 کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔
اِن کھلاڑیوں میں کرونارتنے، لیستھ ملنگا، سورنگا لکمل، دھننجا ڈی سلوا، دنیش چندی مل، نروشان ڈک ویلا، تھسارا پریرا، انجیلو میتھیوز، کوشال جیننتھ پریرا اور اکیلا دھننجا شامل ہیں۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق اسٹار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں لاہیرو تھری مانے دورہ پاکستان میں ون ڈے جبکہ داسون شناکا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔
دورہ پاکستان سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کھلاڑیوں کو پاکستان آنے سے متعلق حتمی رضامندی سے بورڈ کو آگاہ کرنا تھا۔
اجلاس میں نیشنل سلیکشن پینل کے چیئرمین اسانتھتا ڈی میل اور چیف سکیورٹی ایڈوائزر روشن گونٹائل بھی شریک ہوئے۔
روشن گونٹائل نے سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان میں سکیورٹی پوزیشن اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جبکہ سلیکٹرز نے مستقبل میں ہونے والے دوروں کے حوالے سے سلیکشن پالیسی کی وضاحت بھی کی تاہم ترجمان کے مطابق کوشش کے باوجود کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر قائل نہیں کیا جاسکا۔