بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا کو جاری معلومات میں بتایا ہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور 2 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
26 اکتوبر سے 4 نومبر تک جاری رہنے والے دورے کے تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم 23 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی 26 اکتوبر کو، دوسرا 28 اور تیسرا میچ 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 میچز کے بعد ایک روزہ میچز کا آغاز ہوگا۔ پہلا میچ 2 اور دوسرا 4 نومبر کو ہوگا۔
گزشتہ چار سالوں کے درمیان بنگلہ دیش کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ دورہ دو ہفتے پر مشتمل ہے۔
پی سی بی کی جانب سے اس دورے کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے علاوہ سری لنکا کی مردوں کی کرکٹ ٹیم بھی اگلے ماہ یعنی ستمبر میں دورہ پاکستان پر رضامندی کا اظہار کرچکی ہے۔ اس دورے میں کراچی اور لاہور میں تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔
بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2015 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں دو ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کھیلے گئے تھے۔ جواباً پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا۔
اس دورے میں چار ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے کھیلا گیا۔ ٹی ٹونٹی تین صفر سے پاکستان کے نام رہی جبکہ بنگلہ دیش ون ڈے میچ میں چھ وکٹ سے کامیاب قرار پایا۔