رسائی کے لنکس

سری لنکن ٹیم آئندہ ماہ پاکستان آئے گی، میچز کے شیڈول کا اعلان


پی سی بی کے شیڈول کے مطابق پاکستان اور سری لنکان کے درمیان تین ون ڈے میچز کراچی اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ (فائل فوٹو)
پی سی بی کے شیڈول کے مطابق پاکستان اور سری لنکان کے درمیان تین ون ڈے میچز کراچی اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ (فائل فوٹو)

سری لنکن کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے دوران تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ سری لنکا کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق ون ڈے میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔

پی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق مہمان سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی جہاں 27 ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ون ڈے 29 ستمبر اور تیسرا دو اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا۔ دوسرا میچ سات اور تیسرا 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق مہمان سری لنکن ٹیم 10 اکتوبر کو اپنے ملک روانہ ہوجائے گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ حالیہ رابطوں اور اُن کے نتائج پر مہمان بورڈ کے مشکور ہیں۔

احسان مانی کے بقول دورہ سری لنکا سے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ تین مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

چند سالوں میں پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کی میزبانی سمیت سری لنکا، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور پی ایس ایل کے میچز کی میزبانی بھی کی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان میں دیگر انٹر نیشنل ٹیموں کی آمد کے لیے راہیں ہموار ہورہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG