رسائی کے لنکس

دورہ پاکستان کے لیے نئے کھلاڑیوں پر مشتمل سری لنکن ٹیم کا اعلان


سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے اُن میں بیشتر نئے کھلاڑی ہیں۔ (فائل فوٹو)
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے اُن میں بیشتر نئے کھلاڑی ہیں۔ (فائل فوٹو)

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

مہمان ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا ہے جس کا آغاز رواں ماہ 27 ستمبر سے ہوگا اور سری لنکن ٹیم 9 اکتوبر تک پاکستان میں دیگر میچز کھیلے گی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جن کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ان میں بیشتر نئے کھلاڑی شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے لہیرو تھرمانے سری لنکن ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے داسن شناکا آئرلینڈر کے کپتان ہوں گے۔

اس سے قبل سری لنکن ٹیم کے دس سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان جانے سے انکار کردیا تھا۔ جس میں لیستھ ملنگا، کرونارتنے​، سورنگا لکمل،​ دنیش چندی مل​ اور تھسارا پریرا جیسے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے سکیورٹی خدشات کو جواز بنایا تھا۔

سری لنکن ون ڈے ٹیم کپتان لہیرو تھرمانے، دنشکا گناتھیلیکا، سدیرا سماراوکراما، اوشکا فرننڈو، اوشادا فرننڈو، شیان جے سوریا، داسن شناکا، مینوڈ بھنوکا، انجیلو پریرا، ونندو ہسارانگا، نوان پرادیپ، اسورو اودانا، کاسن راجیتھا اور لہیرو کمارا پر مشتمل ہے۔

پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ٹی ٹوئںٹی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کپتان داسن شناکا، دانشکا گناتھیلیکا، سدیرا سماراوکراما، اوشادا فرننڈو، شیہان جے سوریا، انجیلو پریرا، بھانوکا راجا پاکسا، مینوڈ بھانوکا، لہیرو ماڈوشنکا، وانندو ہاسارنگا، لکشان سنداکان، نوان پرادیپ، کاسن راحیتھا، لہیرو کمارا، اسورو اودانا پر مشتمل ہے۔

سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی اور ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور مہمان ٹیم کے درمیان دوسرا ون ڈے 29 اور تیسرا دو اکتوبر کو ہوگا۔

دورے کے اگلے مرحلے میں سری لنکن ٹیم لاہور پہنچے گی جہاں پانچ، سات اور نو اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ تین مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

گزشتہ چند برسوں میں پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کی میزبانی سمیت سری لنکا، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور پی ایس ایل کے میچز کی میزبانی بھی کی۔ جس کے بعد ایک مرتبہ پھر پاکستان میں دیگر انٹر نیشنل ٹیموں کی آمد کے لیے راہیں ہموار ہورہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG