رسائی کے لنکس

افغانستان میں پوست کی قیمتوں میں اضافہ


افغانستان میں پوست کی قیمتوں میں اضافہ
افغانستان میں پوست کی قیمتوں میں اضافہ

اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کاشت کی جانے والی پوست کی فصل کی بین الاقوامی قیمتوں میں 2011ء کے دوران 133 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

عالمی ادارے کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی جانب سے جاری کیے گئے ایک جائزے کے مطابق پوست کے کاشت کاروں کو اس کی فروخت سے گزشتہ برس ایک ارب 40 کروڑ ڈالرز کی آمدنی ہوئی جو افغانستان کی کل داخلی پیداوار کا نو فی صد بنتی ہے۔

دفتر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوری فیڈوٹوو نے جمعرات کو جائزے کا اجرا کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ افغان معیشت کا اب بھی پوست کی کاشت پر بڑی حد تک دارومدار ہے جس سے نہ صرف طالبان شدت پسندی کو وسائل میسر آرہے ہیں بلکہ اس کے نتیجے میں بدعنوانی کو بھی فروغ مل رہا ہے۔

جائزے کے مطابق پوست کے جن افغان کاشت کاروں سے برس سروے کے دوران رائے طلب کی گئی ان میں سے 60 فی صد کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ قیمتوں کے وجہ سے پوست کی کاشت کرتے ہیں۔

اس سے قبل 2010ء کے دوران ایک بیماری نے افغانستان میں پوست کی بیشتر فصل کو خراب کردیا تھا جس کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا۔

تاہم اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس پوست کی کاشت دوبارہ بیماری سے قبل کی سطح پر آجانے کے باوجود اس کی قیمتوں میں کمی نہیں آئی۔

واضح رہے کہ افغانستان دنیا بھر میں پوست کا سب سے بڑا فراہم کنندہ ہے جو کل عالمی کھپت کا لگ بھگ 90 فی صد فراہم کرتا ہے۔

افغانستان میں پوست کی بیشتر کاشت شدت پسندی کے گڑھ سمجھے جانے والے جنوبی علاقوں میں کی جاتی ہے۔

جمعرات کو جاری کیے گئے جائزے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس پوست کی پیداوار میں ایک برس قبل کے مقابلے میں 61 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جائزے کے مطابق 2010ء میں افغانستان میں 3600 ٹن پوست پیدا ہوئی تھی جو 2011ء کے دوران بڑھ کر 5800 ٹن تک جاپہنچی۔

عالمی ادارے کے مطابق پوست کی کاشت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ گندم کی قیمتوں میں کمی ہے جس کے باعث افغان کاشت کاروں کی ایک بڑی تعداد نے گندم کے بجائے پوست کی کاشت کو ترجیح دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سالِ گزشتہ کے دوران افغان کاشتکاروں کو پوست کی پیداوار سے ہونے والی آمدنی گندم کی آمدنی سے 11 گنا زائد رہی جو 2003ء کے بعد سے اب تک دونوں فصلوں کی فروخت سے ہونے والی آمدنی کا سب سے بڑا فرق ہے۔

XS
SM
MD
LG