رسائی کے لنکس

شاہد آفریدی اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر


شاہد آفریدی اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر
شاہد آفریدی اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یواین او ڈی سی) نے پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کو قومی خیرسگالی کے لیے اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔

ادارے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستانی آل راؤنڈر کی کھیل میں ان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انھیں یہ منصب سونپا گیا ہے۔

یواین او ڈی سی کے پاکستان میں نمائندے جرمی ڈگلس کا شاہد آفریدی کے بارے میں کہنا تھا کہ ’’وہ دل سے کھیلتے ہیں۔ شاہد آفریدی ایک رول ماڈل ہیں جو انسداد منشیات کے لیے آواز بلند کرسکتے ہیں۔ نوجوان ان کو دیکھتے ہیں کہ وہ کس ہمت سے بال باؤنڈری کے باہر پھینکتے ہیں اور مشکل حالات میں کس آگے بڑھنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔‘‘

شاہد آفریدی نے 1996ء میں سولہ سال کی عمر میں ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی تیز ترین سینچری بنا کر تاریخ رقم کی تھی۔ ’’بوم بوم آفریدی‘‘ شائقین کرکٹ میں دھواں دار بلے باز کے طور پر جانے جاتے ہیں جو وکٹ کی پرواہ کیے بغیر رنز بنانے پر توجہ دیتے ہیں۔

دو سال کے لیے یہ عہدہ قبول کرتے ہوئے پاکستانی آل راؤنڈر نے کہا کہ انھوں نے کبھی کوئی کام ادھورا نہیں کیا وہ اپنے اس نئے عہدے کے لیے بھی سب کچھ کریں گے۔’’مجھے منشیات سے نفرت ہے جو نوجوانوں کی زندگی تباہ کرتی ہے۔ اگر میں کسی ایک لڑکے یا لڑکی کو بھی منشیات سے دور لے جانے میں کامیاب ہوسکا تو مجھے اس پر فخر ہوگا۔‘‘

بیان کے مطابق شاہد آفریدی اسکول اور کالجوں کے دورے کرکے کھیلوں کے علاوہ مثبت اقدار اور صحت مندانہ طرز زندگی کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ سال 2012ء میں وہ پاکستان میں یواین او ڈی سی کے کام کا جائزہ لینے کے ساتھ منشیات اور اس سے وابستہ جرائم کی روک تھام کی ضرورت کو بھی اجاگر کریں گے۔

کراچی میں مقیم شاہد آفریدی کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ سے ہے۔ انھوں نے 27 ٹیسٹ، 325 ایک روزہ بین الاقوامی اور 43 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔ ایک روزہ بین لاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی انہی کے پاس ہے۔

XS
SM
MD
LG