رسائی کے لنکس

منشیات کی اسمگلنگ میں افغان اہلکاروں کے مبینہ کردار کی تحقیقات


امریکی حکام ان الزامات کی تفتیش کررہے ہیں کہ افغان فضائیہ کے بعض افسران سرکاری طیاروں کو ملک میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ لے جانے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

نیٹو کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ تحقیقات ابھی انتہائی ابتدائی مراحل میں ہیں۔

ایک امریکی اخبار’’دی وال اسٹریٹ جرنل‘‘ کی خبر کے مطابق تفتیش کار اس بارے میں بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ آیا فضائیہ کے مبینہ طور پر منشیات اور غیر قانونی اسلحے کی نقل وحمل کا گزشتہ سال ہونے والے ہلاکت خیز حملے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ اس واقعے میں ایک افغان فوجی پائلٹ نے نیٹو فوجیوں پر فائرنگ کی تھی جس میں آٹھ امریکی فوجی اور ایک امریکی ٹھیکہ دار ہلاک ہوگیا تھا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ حملہ آور فضائیہ کا ایک کرنل تھا جس پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے جب کہ نشانہ بننے والوں میں بیشتر ابتدائی تحقیقات میں شامل تھے۔

دنیا میں پیدا ہونے پوست کا 90 فیصد افغانستان میں کاشت ہوتا ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان کی کل مقامی پیداوار کا 15 فیصد منشیات کی تجارت سے حاصل ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG