رسائی کے لنکس

چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان، دو بڑی تبدیلیاں


فائل فوٹو
فائل فوٹو
  • چیمپئنز ٹرافی میں روہت شرما بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ شبمن گل ان کے نائب ہوں گے۔
  • دورۂ آسٹریلیا کے دوران بھارتی فاسٹ بالنگ اٹیک میں شامل محمد سراج کو چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
  • حال ہی میں انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بالر محمد شامی اور کلدیپ یادیو کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
  • بھارتی سلیکٹرز نے کے ایل راہل اور رشبھ پنت کی صورت میں دو وکٹ کیپرز کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
  • بھارتی اسکواڈ میں جگہ بنانے والے یشوی جیسوال اب تک صرف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ہی کھیلے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ان کا انتخاب بیک اپ اوپنر کے طور پر ہوا ہے۔

ویب ڈیسک بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکار نے چیمپئنز ٹرافی اور دورۂ انگلینڈ کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارت کے 15 رکنی اسکواڈ میں چند بڑی تبدیلیاں ہوئی ہیں جن میں نوجوان بلے باز شبمن گل کو نائب کپتان بنانا اور فاسٹ بالر محمد سراج کو ٹیم سے آؤٹ کرنا شامل ہے۔

حالیہ دورۂ آسٹریلیا کے دوران محمد سراج بھارتی فاسٹ بالنگ اٹیک کا اہم حصہ تھے۔ لیکن وہ اب آئندہ ماہ پاکستان کی میزبانی میں 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا حصہ نہیں ہوں گے۔

چیف سلیکٹر اجیت اگرکار نے ہفتے کو اسکواڈ کا اعلان کیا تو اس موقع پر کپتان روہت شرما موجود تھے۔ لیکن ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر پریس کانفرنس سے غیر حاضر تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گوتم گمبھیر نے کھلاڑیوں کے انتخاب سے متعلق اپنی رائے جمعے کو ہی کپتان اور سلیکٹرز کو دے دی تھی۔

سلیکٹرز نے فاسٹ بالر جسپریت بمرا کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ فروری میں بمرا کی فٹنس کے بارے میں کچھ معلوم ہو سکے گا۔

آسٹریلیا کے خلاف رواں ماہ کے اوائل میں کھیلے جانے والے پانچویں ٹیسٹ میں بمرا انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

حال ہی میں انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بالر محمد شامی اور کلدیپ یادیو کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ دونوں کھلاڑی ریکور ہو چکے ہیں۔

بھارتی اسکواڈ کپتان روہت شرما، نائب کپتان شبمن گل، یشوی جیسوال، وراٹ کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہل، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمرا، محمد شامی اور ارشدیپ سنگھ پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہو گا اور بھارتی ٹیم 23 فروری کو پاکستان کے خلاف اپنا افتتاحی میچ کھیلے گی۔

بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے گروپ 'اے' میں شامل ہے جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی ہیں۔

بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز نیوٹرل ویونیو دبئی میں کھیلے گی جب کہ دیگر میچز پاکستان کے تین مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی سلیکٹرز نے کے ایل راہل اور رشبھ پنت کی صورت میں دو وکٹ کیپرز کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

حالیہ دورۂ آسٹریلیا کے دوران راہل کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی۔ تاہم انہوں نے 2023 کے ورلڈ کپ کے دوران اپنی بیٹںگ کا جادو دکھایا تھا۔ البتہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل دورۂ انگلینڈ میں دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ فائنل الیون میں کون جگہ بناتا ہے۔

بھارتی اسکواڈ میں جگہ بنانے والے یشوی جیسوال اب تک صرف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ہی کھیلے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ان کا انتخاب بیک اپ اوپنر کے طور پر ہوا ہے۔ اگر انہیں موقع دیا گیا تو وہ اپنے ون ڈے کریئر کا آغاز کریں گے۔

فورم

XS
SM
MD
LG