|
ویب ڈیسک -- انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوس بٹلر نے چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے بعد وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق ایک بیان میں جوس بٹلر کا کہنا تھا کہ "میں انگلینڈ کی کپتانی سے دست بردار ہونے جا رہا ہوں۔ یہ میرے اور ٹیم کے لیے درست فیصلہ ہے۔ اُمید ہے کہ کوئی اور ٹیم کی قیادت سنبھال کر اسے وہاں پہنچائے گا، جہاں انگلینڈ کرکٹ کو ہونا چاہیے۔"
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نائب کپتان ہیری بروک انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ کے نئے کپتان ہو سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم افغانستان سے شکست کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہو گئی تھی۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے بھی انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
افغانستان سے شکست کے بعد سابق انگلش کرکٹرز اور کمنٹیٹرز نے بٹلر کے استعفے پر زور دیا تھا۔ تاہم ابتداً جوس بٹلر نے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر فیصلہ کریں گے۔
جوس بٹلر کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت مایوس اور اُداس ہیں، لیکن یقین ہے کہ یہ وقت گزر جائے گا اور وہ بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔
جوس بٹلر کو 2022 میں سابق کپتان آئن مورگن کی جگہ انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ کی کپتانی سونپی گئی تھی۔ بٹلر کی کپتانی میں انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
لیکن اس کے بعد انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ میں کارکردگی خاطر خواہ نہیں رہی تھی۔
جوس بٹلر کی کپتانی میں انگلینڈ کو گزشتہ 25 ون ڈے میچز میں سے 18 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
فورم