چیمپئنز ٹرافی  کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان، بھارت کا کوئی امپائر شامل نہیں

فائل فوٹو

  • آئی سی سی کے میچ آفیشلز پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے میچز میں ذمے داریاں ادا کریں گے۔
  • آئی سی سی کے 12 امپائرز کا پینل گراؤنڈ پر فرائض انجام دے گا جب کہ تین امپائروں کا پینل میچ ریفری کے طور پر ذمے داری ادا کرے گا۔
  • بھارت کے دو ممکنہ میچ آفیشلز نے پہلے ہی آئی سی سی کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ پاکستان کا سفر نہیں کر سکیں گے: رپورٹ

ویب ڈیسک _ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے پاکستان کی میزبانی میں کرکٹ کے میگا ایونٹ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم 15 آفیشلز میں بھارت کا کوئی بھی امپائر شامل نہیں ہے۔

آئی سی سی نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 19 فروری سے نو مارچ تک آئی سی سی کے میچ آفیشلز پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے میچز میں ذمے داریاں ادا کریں گے۔

آٹھ ٹیموں کے اس ایونٹ میں 12 امپائرز کا پینل گراؤنڈ پر فرائض انجام دے گا جب کہ تین امپائروں کا پینل میچ ریفری کے طور پر ذمے داری نبھائےگا۔

بارہ رکنی امپائروں کے پینل میں احسن رضا، کمار دھرماسینا، مائیکل گف، کرس گیفنی، اینڈرین ہولڈ اسٹوک، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹلبرو، پال ریفل، شرف الدولہ ابنِ شہید، رودنی ٹکر، الیکس وارف اور جو ولسن شامل ہیں۔

ڈیوڈ بون، رانجن مادوگالے اور اینڈریو پےکروفٹ بطور میچ ریفری فرائض انجام دیں گے۔

SEE ALSO: چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے 15 رُکنی اسکواڈ کا اعلان؛ فخر زمان کی واپسی

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارت کی جانب سے میچ آفیشلز کے لیے دو ممکنہ امیدواروں نے پہلے ہی آئی سی سی کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ پاکستان کا سفر نہیں کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے میچ ریفریز میں نمایاں بھارتی امپائر اور سابق کھلاڑی جواگال سری ناتھ اور امپائروں کے ایلیٹ پینل میں شامل نتن مینن نے متفقہ طور پر کہا تھا کہ وہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے دوران آئی سی سی کی کوئی ذمے داری ادا نہیں کریں گے۔

اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر کرانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کیا جائے گا۔ بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔

بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ایونٹ کا فائنل دبئی میں ہوگا اور اگر بھارت فائنل میں جگہ نہ بنا سکا تو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل نو مارچ کو لاہور میں ہوگا۔

اسی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان بھارت میں ہونے والے میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے گا۔