رسائی کے لنکس

ٹرمپ کی مودی کو آئندہ ہفتے دورے کی دعوت، غیر قانونی تارکینِ وطن کی بھارت واپسی شروع


امریکہ کی فوج کا طیارہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے کر بھارت پہنچا ہے۔
امریکہ کی فوج کا طیارہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے کر بھارت پہنچا ہے۔
  • امریکی صدر نے بھارت کے وزیرِ اعظم کو آئندہ ہفتے امریکہ کے دورے کی دعوت دے دی ہے۔
  • وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ نریندر مودی آئندہ ہفتے وائٹ ہاؤس آئیں گے۔
  • امریکہ سے غیر قانونی تارکینِ وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور فوجی طیارہ تارکینِ وطن کو لے کر بھارت پہنچا ہے۔
  • امریکی فوج کے ایک طیارے میں 104 غیر قانونی تارکینِ وطن کو واپس بھیجا گیا ہے۔

ویب ڈیسک— صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو آئندہ ہفتے امریکہ کے دورے کی دعوت دے دی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ نریندر مودی آئندہ ہفتے وائٹ ہاؤس آئیں گے۔

دوسری جانب امریکہ سے غیر قانونی تارکینِ وطن کی ان کے ممالک واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

بدھ کو امریکی فوج کے ایک طیارے میں 104 غیر قانونی تارکینِ وطن کو واپس بھارت بھیجا گیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق یہ پہلا طیارہ ہے جو امریکہ سے غیر قانونی تارکینِ وطن کو لے کر بھارتی شہر امرتسر پہنچا ہے۔

بھارت پہلے ہی غیر قانونی تارکینِ وطن کے معاملے میں امریکہ کو تعاون کی یقین دہانی کرا چکا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت سنبھالنے کے ایک ہفتے بعد ہی نریندر مودی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔ 27 جنوری کو ہونے والی اس بات چیت میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی واپسی اور باہمی تجارت کے امور زیرِ بحث آئے تھے۔

چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارت خطے میں امریکہ کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے جب کہ نئی دہلی واشنگٹن سے اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔ بھارت یہ بھی چاہتا ہے کہ امریکہ اس کے شہریوں کے لیے ہنرمندوں کے ویزا کا اجرا آسان بنائے۔

دونوں ممالک میں 24-2023 میں دو طرفہ تجارت لگ بھگ 118 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔

بھارت کا کہنا ہے کہ وہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف ہے کیوں کہ بنیادی طور پر اس کا تعلق کئی منظم قسم کے جرائم سے بھی ہے اور وہ امریکہ سے بھارتی شہریوں کی بے دخلی پر کوئی اعتراض نہیں کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں موجود بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ حکومت ان لوگوں کی تصدیق کر رہی ہے جنھیں امریکہ سے بھارت بھیجا جانا ہے۔ لیکن ابھی ان کی تعداد کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ان کے بقول بھارت نے ہمیشہ امریکہ اور دیگر ملکوں سے کہا ہے کہ وہاں اگر کوئی بھارتی غیر قانونی طریقے سے موجود ہے تو اس کے جائز طریقے سے آبائی ملک واپس آنے کا خیرمقدم کریں گے۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز سے معلومات شامل کی گئی ہیں.

XS
SM
MD
LG