ریستورانوں میں ناشتے کی مقبولیت؛ کیا امریکہ میں انڈے اس وجہ سے مہنگے ہو رہے ہیں؟

  • امریکہ میں گزشتہ چند برس کے دوران ریستوران میں ناشتے کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
  • رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس ناشتے اور برنچ کےلگ بھگ چھ ہزار 421 نئے کاروبار کھلے ہیں۔
  • عمومی حالات میں انڈوں کی طلب پوری ہو سکتی ہے۔ لیکن اب برڈ فلو کے سبب سپلائرز قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔
  • امریکی مارکیٹ ریسرچ فرم 'سرکانا' کا کہنا ہے کہ 2019 کے بعد سے امریکی ریستورانوں میں صبح کے وقت کے کھانوں کے لیے آمد و رفت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

ویب ڈیسک—امریکہ میں انڈوں کی بلند قیمت شہریوں کے ساتھ ساتھ ریستورانوں کے لیے بھی پریشانی بنی ہوئی ہے۔ کیا برڈ فلو کے علاوہ ریستورانوں میں ناشتے کی مقبولیت بھی اس مسئلے کا حصہ ہے؟

امریکہ میں گزشتہ چند برس کے دوران ریستورانوں میں ناشتے کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ناشتہ اور برنچ پیش کرنے والے معروف امریکی ریستوران 'فرسٹ واچ' نے گزشتہ 10 برس کے دوران اپنی شاخوں کی تعداد تقریباً چار گنا بڑھا کر 570 کر دی ہے۔

اسی طرح ناشتہ پیش کرنے والے ایک اور مشہور امریکی ریستوران 'ایگز اپ گرل' کے امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں 90 کے قریب ریستوران ہیں۔ 2018 تک اس ریستوران کی امریکہ میں صرف 26 شاخیں تھیں۔

دوسری جانب امریکہ کی متعدد فاسٹ فوڈ چینز بھی اب اپنے مینیو میں ناشتے کے مزید آئٹمز شامل کر رہی ہیں۔

معروف امریکی کافی ہاؤس 'اسٹار بکس' نے 2017 میں اپنے مینو میں 'ایگ بائٹز' لانچ کیے تھے۔ اب اسٹار بکس کے بریک فاسٹ مینیو میں انڈوں سے بنی 12 مختلف ڈشز شامل کی جا چکی ہیں۔

امریکہ کی مشہور فاسٹ فوڈ چین 'وینڈیز' نے 2020 میں اپنے مینیو میں دوبارہ ناشتہ شامل کرتے ہوئے انڈوں سے بنی 10 مختلف ڈشز شامل کیں۔

امریکی ریویوز ویب سائٹ 'ییلپ' کے مطابق امریکہ میں گزشتہ برس ناشتے اور برنچ کےلگ بھگ چھ ہزار 421 نئے کاروبار کھلے ہیں۔ یہ 2019 کے مقابلے میں 23 فی صد زیادہ زیادہ ہے۔

عام حالات میں تو انڈوں کی طلب کو پورا کیا جا سکتا تھا۔ لیکن حالیہ ہفتوں میں برڈ فلو کی وبا کی وجہ سے سپلائرز اپنی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

SEE ALSO: امریکہ: گھروں میں مرغیاں پالنے کا رجحان کیوں بڑھ رہا ہے؟

امریکہ کے محکمۂ زراعت کے مطابق برڈ فلو کی وجہ سے رواں برس دو کروڑ سے زائد انڈے تلف کیے گئے ہیں جب کہ دسمبر میں ایک کروڑ 32 لاکھ مرغیوں کو تلف کیا گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں آج کل امریکہ میں انڈے مہنگے ہوگئے ہیں۔

یہ معلومات عوامی طور پر دستیاب نہیں ہے کہ امریکی ریستورانوں ، گروسری اسٹورز یا فوڈ مینوفیکچررز کو کتنے فی صد انڈے فراہم کیے جاتے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' نے جب امریکی ریستورانوں کو انڈے سپلائی کرنے والی کمپنی 'یو ایس فوڈز' اور امریکہ میں انڈوں کی سب بڑی پروڈیوسر کمپنی 'کال مین فوڈز' سے اس بارے میں تبصرے کے لیے درخواست کی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

SEE ALSO: امریکہ: ایک لاکھ انڈوں کی چوری پولیس کے لیے معما بن گئی

لیکن ریستورانوں میں انڈوں کی طلب ًیقینی طور پر بڑھ رہی ہے۔ امریکی مارکیٹ ریسرچ فرم 'سرکانا' کے مطابق 2019 کے بعد سے امریکی ریستورانوں میں صبح کے وقت کے کھانوں کے لیے آمد و رفت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

سرکانا کے مطابق صبح کے وقت ریستورانوں میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے آرڈرز میں بریک فاسٹ سینڈوچ سرفہرست ہیں۔

امریکی ریستورانوں کے مینیو میں شامل 70 فی صد بریک فاسٹ سینڈوچز میں انڈے استعمال کیے جاتے ہیں۔

انٹرنیشنل فوڈ سروس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سی ای او اور صدر فل کفراکز کا کہنا ہے کہ بعض ریستوران چینز جیسے 'وافل ہاؤس'نے اپنی مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔

ان کے بقول بعض ریستوارن کھانے کی اشیا کی تراکیب میں انڈوں کے متبادل کا استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

اس رپورٹ میں شامل معلومات 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔