رسائی کے لنکس

دھونی ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے: کوہلی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود مہندرا سنگھ دھونی ہمیشہ اُن کے کپتان رہیں گے۔

کوہلی نے دھونی کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ زندگی میں بعض اوقات کہنے کو الفاظ نہیں ہوتے اور دھونی کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کا لمحہ بھی ایسا ہی ہے۔

کوہلی کے بقول ایم ایس دھونی ان لوگوں میں سے تھے جو بس میں سب سے آخری نشست پر بیٹھتے تھے لیکن اُن کی موجودگی ہی کھلاڑیوں کے لیے سب کچھ تھی۔

ایم ایس دھونی نے ہفتے کو 16 سال طویل ون ڈے کریئر کے اختتام کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے سابق و موجودہ کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کوہلی نے بھی اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا یہ ویڈیو پیغام بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے۔

کوہلی کے بقول، "ہم میں ایک ساتھ رہنے کے علاوہ گہری دوستی تھی اور ہم ہمیشہ ایک ہی مقصد کے لیے کھیلتے رہے ہیں جو ٹیم کو جتوانا تھا۔

انہوں نے کہا "کریئر کے آغاز میں دھونی کے زیرِ نگرانی کھیلنا میری خوش نصیبی ہے کیوں کہ انہوں نے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کیا جس کا میں ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔"

ویراٹ کوہلی کے مطابق وہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں اور آئندہ بھی یہی کہتے رہیں گے کہ دھونی ہمیشہ ان کے کپتان رہیں گے۔

ویراٹ کوہلی نے 2008 میں دھونی کی قیادت میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا تھا۔ دھونی نے 2014 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جس کے تین برس بعد انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو بھی خیر باد کہہ دیا تھا۔

دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت کے لیے ویراٹ کوہلی کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ کپتان اور رہنما ہونے کی حیثیت سے جو کامیابیاں دھونی نے سمیٹی ہیں ان کو دیکھتے ہوئے وہ ماؤنٹ ایورسٹ پر بیٹھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی، آئی پی ایل ٹائٹلز، چیمپئنز لیگ، آپ اِن ٹائٹلز کے نام لیتے جائیں اور دھونی یہ سب کچھ حاصل کر چکے ہیں۔

ایم ایس دھونی کی کامیابیاں

دھونی کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ 2011 میں کرکٹ ورلڈ کپ اور 2013 میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا تھا۔

گزشتہ برس نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل دھونی کے ون ڈے کریئر کا آخری میچ ثابت ہوا تھا۔ انہوں نے اپنے کریئر میں 350 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔

دھونی نے بطور کپتان 332 ون ڈے میچز کھیلے جو کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کے بحیثیت کپتان سب سے زیادہ میچز ہیں۔ وہ وکٹ کے پیچھے 195 اسٹمپ کر چکے ہیں جو کسی بھی وکٹ کیپر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔

دھونی آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں چنائی سپر کنگ کی قیادت کریں گے۔ وہ اپنی زیرِ قیادت ٹیم کو تین مرتبہ آئی پی ایل کا ٹائٹل جتوا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG