اگرچہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اپنے بلے بازی کے جوہر تو نہیں دکھا سکے، لیکن ان کے حصے میں ایک اور نمایاں کامیابی آ گئی ہے اور وہ یہ کہ وہ بھارت کے پہلے ایسے کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی مخالف ٹیموں کو ایک اننگ اور کئی رنز سے شکست دی ہے۔
اندور کے ہولر اسٹیڈیم میں بھارت نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگ اور 130 رنز سے شکست دی۔ اس فتح کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی ہے کہ کوہلی اب ایک ایسے کپتان بن گئے ہیں جن کی قیادت میں ان کی کرکٹ ٹیم ایک اننگ سے ہرانے کی 10 کامیابیاں سمیٹ چکی ہے۔
اس سے قبل یہ اعزاز مہندر سنگھ دھونی کے پاس تھا۔ ان کی قیادت میں بھارت نے 9 بار اپنی مخالف ٹیم کو ایک اننگ سے شکست دی تھی۔ جب کہ اس سے پہلے محمد اظہرالدین نے 8 بار ایک اننگ سے شکست دینے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد کوہلی نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ میں اس کامیابی پر صرف یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہماری ٹیم کی ہر شعبے میں پرفارمنس اچھی رہی اور ہر ایک نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔
کوہلی کا کہنا تھا کہ کسی ٹیم کے لیے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس کے پاس مضبوط باولر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اچھا باولر ہر طرح کی پچ پر کامیابی سے باولنگ کر سکتا ہے اور یہ چیز ٹیم کے حق میں جاتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم میں اچھا کمبی نیشن ہر کپتان کا خواب ہوتا ہے۔