رسائی کے لنکس

'سیمی فائنل ہار گئے لیکن دھونی ریٹائرمنٹ نہ لیں'


دھونی سیمی فائنل میں آوٹ ہونے کے بعد گراونڈ سے باہر جاتے ہوئے
دھونی سیمی فائنل میں آوٹ ہونے کے بعد گراونڈ سے باہر جاتے ہوئے

کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست پر بھارت میں سوگ جیسی کیفیت رہی۔ شائقین ہی نہیں، سابق کھلاڑی بھی ششدر اور مایوس ہیں۔ کچھ نے ٹیم کی پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کچھ کے خیال میں پلیئنگ کنڈیشنز نے میچ کو متاثر کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیم کی شکست پر ٹوئیٹ کیا۔ ایک مایوس کن نتیجہ۔ لیکن یہ دیکھنا اچھا تھا کہ بھارتی ٹیم نے آخر تک جدوجہد کی۔ کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی پیش کی جس پر ہم سب کو فخر ہے۔ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے۔ ٹیم کے لیے نیک خواہشات۔

سچن ٹنڈولکر نے ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھیں مایوسی ہوئی کیونکہ ٹیم کو 240 رنز کا ہدف حاصل کرنا چاہیے تھا۔ یہ بڑا مجموعہ نہیں تھا۔ نیوزی لینڈ نے تین وکٹیں لے کر اچھا آغاز کیا۔ لیکن میرا خیال ہے کہ ہر بار روہت شرما پر انحصار کرنا کہ وہ اچھا آغاز دیں گے یا ورات کوہلی آکر مضبوط بنیاد فراہم کریں گے، یہ سوچنا ٹھیک نہیں تھا۔ دوسرے کھلاڑیوں کو ذمے داری لینی چاہیے تھی۔

"ٹنڈولکر نے ٹویٹ کیا کہ جڈیجا اور دھونی نے اچھا مقابلہ کیا۔ لیکن بلیک کیپس نے بہت شاندار کھیلا۔ فائنل میں پہنچنے پر مبارک، میرے خیال میں ویلیمسن کی کپتانی اور کمپوژر کا اس جیت میں بڑا کردار تھا۔"

سابق کپتان سارو گنگولی سمجھتے ہیں کہ مہندرا سنگھ دھونی کو ٹھنڈے دماغ سے نہ صرف خود کھیلنا چاہیے تھا بلکہ نوجوان بیٹسمینوں کی رہنمائی بھی کرنا چاہیے تھی۔ ان کے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کی بھی کوئی تُک نہیں تھی۔ تجربہ کار بیٹسمین کو پہلے وکٹ پر آ جانا چاہیے تھا۔ رشبھ پنت نے ایک ایسے موقع پر اسپنر پر اونچا شاٹ کھیلا جب وہ سیٹ ہو چکے تھے اور ہدف حاصل کرنے کے لیے آخر تک جا سکتے تھے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر سنجے منجریکر کی حال میں ٹوئیٹر پر موجودہ ٹیم کے رکن رویندرا جڈیجا سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔ سیمی فائنل میں جڈیجا نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ سنجے منجریکر نے میچ کے بعد ٹوئیٹ کیا، ویل پلیڈ جڈیجا۔

دوسری طرف بھارت میں سوشل میڈیا پر ڈو ںاٹ ریٹائر دھونی کا ہیش ٹیگ مقبول ہے۔ جہاں بھارتی کرکٹ شائقین مہندرا سنگھ دھونی سے گزارش کر رہے ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر آباد نہ کہیں۔

بھارت کی مایہ ناز گلوکارہ لتا منگیشکر نے دھونی کو ٹویٹ میں لکھا کہ "ملک کو آپ کی ضرورت ہے اور آپ ریٹائرمنٹ کی سوچ بھی اپنے دل میں نہ لائیں" ۔

لتا منگیشکر کے اس ٹویٹ کو ایک لاکھ گیارہ ہزار صارفین نے پسند اور 25 ہزار نے ری ٹویٹ کیا ہے۔

ایک اور صارف پراتیک سین نے لکھا ہے کہ دھونی اس وقت تک بھارت کے لیے کھیلیں جب تک آپ کو اپنے آپ پر یقین ہے۔

XS
SM
MD
LG