رسائی کے لنکس

سری لنکا: پولیس کا ورلڈ کپ 2011 سے متعلق تحقیقات ختم کرنے کا اعلان


سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو رہے ہیں۔
سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو رہے ہیں۔

سری لنکا کی پولیس نے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 فائنل میں مبینہ میچ فکسنگ الزامات کی تحقیقات کا سلسلہ عدم شواہد کی بنا پر ختم کر دیا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے یہ کہا جا سکے کہ ٹئم جان بوجھ کر فائنل میں بھارت سے ہاری۔

سری لنکا میں چند روز سے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے فائنل میں مبینہ میچ فکسنگ سے متعلق تحقیقات ہو رہی تھیں اور کھلاڑی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے گھنٹوں پیش ہو کر سوالات کے جواب دے رہے تھے۔

اس سے قبل سری لنکن پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے میچ فکسنگ کی تحقیقات کے 2011 کے ورلڈکپ میں ٹیم کا حصہ رہنے والے کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی تھی۔

ورلڈکپ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے سری لنکن کپتان کمار سنگارا جمعرات کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور ان سے 10 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

ورلڈکپ 2011 میں سری لنکن ٹیم کے اوپننگ بلے باز اوپل تھرنگا پہلے کھلاڑی تھے جن سے بدھ کو تحقیقاتی ٹیم نے تقریباً دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔

سری لنکن ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا بھی منگل کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے اور ان سے چھ گھنٹے تک سوال و جواب کیے گئے تھے۔

سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے اب جمعے کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونا تھا۔ تاہم اس سے قبل ایک بیان میں اُنہوں نے ورلڈکپ فکسنگ کا معاملہ اٹھائے جانے کو 'سیاسی سرکس' قرار دیا تھا۔

گزشتہ ماہ اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ کیا انتخابات قریب ہیں؟ ایسا لگتا ہے کہ سرکس شروع ہو گیا ہے۔ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے نام اور شواہد پیش کیے جائیں۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے سابق وزیرِ کھیل مہندانندا الوتھگامیگ نے گزشتہ ماہ دعویٰ کیا تھا کہ بھارت اور سری لنکا کے درمیان 2011 کا ورلڈ کپ فائنل فکس تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہتے کہ اس فکسنگ میں کھلاڑی ملوث ہیں تاہم بعض حلقے اس کا حصہ تھے۔

سری لنکا کے سابق کپتان رانا ٹنگا بھی بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے 2011 کے ورلڈکپ فائنل پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

سنگاکارا سے کیا پوچھا گیا؟

سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگاکارا تحقیقاتی ٹیم کے پاس 10 گھنٹے گزار کر میڈیا کے کیمروں کے سامنے آئے تو ان سے یہی پوچھا گیا کہ تحقیقاتی ٹیم نے ان سے کیا سوالات کیے۔

سنگاکارا کا کہنا تھا میں "یہاں اپنا بیان ریکارڈ کرانے آیا تھا، میری ذمہ داری ہے کہ میں کرکٹ اور اس کی عزت کا خیال رکھوں۔"

تحقیقاتی کمیشن کے سامنے پیشی کے بعد سنگاکارا صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے ہیں۔
تحقیقاتی کمیشن کے سامنے پیشی کے بعد سنگاکارا صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے ہیں۔

سنگاکارا کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ تحقیقات کے نتیجے میں سابق وزیرِ کھیل کی جانب سے عائد کردہ الزامات سے متعلق سچ سب کے سامنے آئے گا۔

سنگاکارا نے یہ نہیں بتایا کہ پولیس کے انویسٹی گیشن یونٹ نے ان سے کیا سوالات کیے۔ صحافیوں کے اصرار کرنے پر بھی انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا۔

ورلڈکپ 2011 کے فائنل میں کیا ہوا تھا؟

ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ فائنل میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 274 رنز بنائے تھے۔

ابتدا میں سری لنکن ٹیم کی پوزیشن مضبوط ہو گئی تھی جب مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر 18 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے۔

بھارت نے ڈرامائی انداز میں میچ کا نقشہ بدل دیا تھا جس میں سری لنکن کھلاڑیوں کی خراب فیلڈنگ اور بالنگ نے بھی حصہ ڈالا۔ اس طرح میزبان ٹیم نے ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔

ورلڈکپ فائنل میں شکست کے بعد سنگاکارا نے کپتانی اور جے وردھنے نے نائب کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ورلڈکپ فائنل کا ٹاس بھی تنازع کا شکار ہو گیا تھا۔ بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے 'کوائن' فضا میں اچھالا تو میچ ریفری جیف کرو نے سنگاکارا کے 'ہیڈ' کی کال نہ سنی جس پر دوبارہ ٹاس کیا گیا۔

سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا جس پر سری لنکا کے مقامی ٹی وی نے شدید تنقید کی کہ سری لنکن ٹیم کو ہدف حاصل کرنے کے لیے بہترین ٹیم سمجھا جاتا ہے اس لیے بیٹنگ کا فیصلہ دانش مندی نہیں۔

XS
SM
MD
LG