رسائی کے لنکس

کھلاڑی لاک ڈاؤن کے دوران فٹنس پرتوجہ دیں: سری لنکن کرکٹ کوچ


مکی آرتھر (فائل فوٹو)
مکی آرتھر (فائل فوٹو)

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر کی جانے والی تنقید کے بعد کھلاڑیوں کو لاک ڈاؤن میں حسب ضرورت گھر پر ہی تربیت کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر تیار کردہ فٹنس پروگرامز پر عمل درآمد کرنے کا کہا گیا ہے۔

آرتھر کے بقول کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس پر زور دینے کی اشد ضرورت ہے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انڈین پریمیئر لیگ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں سال ہوتے ہیں یا نہیں۔ اس کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔ لیکن فٹنس پر ابھی سے توجہ لازمی ہے۔

مکی آرتھر کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ہر کھلاڑی کو اس کی جسمانی ساخت کے لحاظ سے فٹنس کے لیے الگ الگ ورزش کرنے کی ہدایات دے رہے ہیں۔ جبکہ ہر کھلاڑی سے کھیل کے دوران رکاوٹ بننے والی اس کی کمزوریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

سری لنکا کے وزیر کھیل دیاسری جیا سیکارا نے سن 2017 میں زمبابوے جیسی نسبتاً کمزور ٹیم کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی شکست اور اس کے بعد چیمپئنز ٹرانی سے جلد باہر ہو جانے کو ذلت آمیز قرار دیتے ہوئے ٹیم کی فٹنس پر شدید تنقید کی تھی۔

دیاسری کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے کھلاڑی بہت موٹے ہیں۔ اس لیے وہ پانچ روزہ ٹیسٹ کے لیے میدان میں اترنے کے اہل ہی نہیں۔

اس تنقید کے بعد سری لنکا نے مکی آرتھرسے کہا تھا کہ وہ ہر کھلاڑی کی فٹنس بہتر بنانے پر زور دیں۔

سری لنکا میں کرونا وائرس کے سبب ملک گیر لاک ڈاؤن کے آغاز پر ہی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو گھروں میں رہ کر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے تیاری کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ سری لنکا میں کرونا وائرس سے 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ 176 مریضوں میں اس مہلک وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

XS
SM
MD
LG