رسائی کے لنکس

کیا ٹرمپ ایمرجنسی لگا کر میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنا لیں گے؟


صدر ٹرمپ سین ڈیاگو میں دیوار کے ماڈلز کا معائنہ کر رہے ہیں۔ 13 مارچ 2018
صدر ٹرمپ سین ڈیاگو میں دیوار کے ماڈلز کا معائنہ کر رہے ہیں۔ 13 مارچ 2018

ٹرمپ اور ڈیموکریٹس کے درمیان دیوار کی تعمیر کا تنازع ایک نئی صورت حال کی طرف بڑھ رہا ہے اور صدر نے ایمرجینسی نافذ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اہم سوال یہ ہے کہ کیا وہ ایمرجینسی لگا کر دیوار بنوا سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کے روز میکسیکو کے ساتھ جنوبی سرحد کے اپنے دورے کے موقع پر یہ دھمکی دی کہ وہ یہاں دیوار کی تعمیر کے لیے کانگریس سے درکار منظوری کو ایک طرف رکھتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کرکے مطلوبہ فنڈز حاصل کر لیں گے۔

دیوار کی تعمیر کے مسئلے پر صدر اور ڈیموکریٹس کے تنازع کے بعد حکومت کا کاروبار جزوی طور پر بند ہوئے تین ہفتے گزر چکے ہیں۔ اور ایک روز بعد یہ شٹ ڈاؤن امریکی تاریخ کا طویل ترین شٹ ڈاؤن بن جائے گا۔

دیکھنا یہ ہے کہ کیا ٹرمپ ایمرجنسی کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کر سکتے ہیں؟

نیشنل ایمرجینسی بل کیا ہے؟

یہ بل ستمبر 1976ء میں متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد ہنگامی صورت حال میں کانگریس کے اختیارات کو کچھ چیک اور بیلنس کے ذریعے باضابطہ بنانا تھا جس میں ایمرجنسی کے نفاذ کے دو سال کے بعد اسے ختم کرنا شامل تھا۔ کانگریس اپنے ووٹ کے ذریعے چھ ماہ کے اندر اس کے خاتمے سے متعلق قرار داد لا سکتی ہے۔

کیا ٹرمپ ایمرجنسی کے ذریعے میکسیکو دیوار تعمیر کر سکتے ہیں؟

اختصار میں اس کا جواب ہاں میں ہے۔

صدر کی حیثیت سے ٹرمپ کے پاس ایمرجنسی نافذ کرنے کا اختیار ہے، لیکن اس موقع پر اس اعلان سے منسلک شاید لا محدود اختیارات حاصل نہ ہو سکیں۔

کیا یہ واقعی ایمرجینسی کی صورت حال ہے؟

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنوبی سرحد پر تارکین وطن کی بہتات، انسانی ہمدردی اور قومی ہنگامی صورت حال کو جنم دے رہی ہے۔ اس راستے سے جرائم پیشہ افراد، انسانی اسمگلر، منشیات فروش اور دہشت گرد امریکہ میں داخل ہو سکتے ہیں جنہیں روکنے کے لیے دیوار کی تعمیر ضروری ہے۔ لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے دعووں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس شواہد موجود ہیں۔

کیا ایمرجنسی سے دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈز مل سکتے ہیں؟

یہ معاملہ کافی پیچیدہ ہے۔ ایک طریقہ تو یہ ہو سکتا ہے کہ صدر کانگریس سے پوچھے بغیر فوج کے انجنیرنگ کے شعبے میں بچے کچھے فنڈز اور قدرتی آفات کے امدادی پروگراموں کے فنڈز کو اس مقصد کے لیے استعمال کریں، لیکن اس سے کئی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ایمرجنسی میں کانگریس کیا کر سکتی ہے؟

کانگریس کے دونوں ایوان ایک قرارداد کے ذریعے ایمرجنسی کو ختم کر سکتے ہیں لیکن سینیٹ میں ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن پارٹی کی عددی اکثریت ہے، جہاں ڈیموکریٹس کو ناکامی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ تاہم یہ معاملہ عدالت میں جا سکتا ہے۔

کیا ایمرجینسی کا پہلے بھی استعمال ہوا ہے؟

ایسا کئی بار ہو چکا ہے۔ 1996 میں صدر کلنٹن نے کیوبا کی فوج کی جانب سے دو مسافر طیارے گرائے جانے کے بعد ایمرجنسی نافذ کی تھی۔ اسی طرح 2001ء میں دہشت گرد حملوں کے بعد صدر بش نے بھی ایمرجنسی لگا دی تھی۔

XS
SM
MD
LG