رسائی کے لنکس

سرحدی دیوار کی تعمیر سے انکار پر ٹرمپ ڈیموکریٹس پر برہم


فائل
فائل

ایک ٹوئٹر پیغام میں ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میں ڈیموکریٹ قائد، چَک شومر کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت کو ٹرمپ نے ’’وقت کا ضیاع‘‘ قرار دیا

وائٹ ہاؤس میں بدھ کے روز امریکی صدر اور چوٹی کے ڈیموکریٹ قانون سازوں کے درمیان اجلاس جاری تھا جب ڈونالڈ ٹرمپ اچانک باہر چلے گئے، جب ڈیموکریٹس نے ایک بار پھر امریکہ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے رقوم مختص کرنے کا مطالبہ ماننے سے انکار کیا۔ دیوار کی تعمیر کا مقصد غیر قانونی تارکین وطن کو ملک میں داخل ہونے سے روکنا ہے۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میں ڈیموکریٹ قائد، چَک شومر کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت کو ٹرمپ نے ’’وقت کا ضیاع‘‘ قرار دیا۔

صدر نے کہا کہ اُنھوں نے پوچھا اگر وہ 19 روزہ جزوی حکومتی بندش کو ختم کرنے پر اتفاق کریں تو وہ سرحد پر دیوار کی تعمیر یا اسٹیل کی رکاوٹ کی منظوری دیں گے؛ اگر اگلے 30 دِنوں کے دوران سرحدی سکیورٹی پر مذاکرات کیے جاتے ہیں۔ لیکن، جب نینسی نے کہا کہ ’’نہیں‘‘۔ میں نے کہا ’’خدا حافظ‘‘۔ کوئی راستہ باقی نہیں بچا!۔

جب ٹرمپ نے ناکام ملاقات کے بارے میں ابھی ٹوئیٹ نہیں بھیجا تھا، وائٹ ہاؤس کے باہر، شومر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’ایک بار پھر ہم نے غصے کا اظہار‘‘ دیکھا۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’وہ باہر نکل گئے اور کہا کہ ہمیں کوئی بات نہیں کرنی‘‘۔

پلوسی نے کہا کہ ’’ہمارے ذہن میں سرحد کی حفاظت کا اس سے بہتر منصوبہ ہے۔ لیکن، اس کا تعلق دیوار تعمیر کرنے سے نہیں ہے‘‘۔
ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کو سرحد عبور کرنے سے روکنے کے لیے جدید ترین نگرانی کے نظام کو نافذ کیا جائے، جو زیادہ تر وسط امریکی ملکوں سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوتے ہیں۔

نائب صدر مائیک پینس نے، جو اس ملاقات کے دوران موجود تھے، کہا ہےکہ ’’آج ہم نے ایک بار پھر ڈیموکریٹس کو سنا جو بات چیت پر رضامند نہیں ہیں۔ صدر اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہیں۔۔۔تاکہ جنوبی سرحد پر بحرانی صورت حال سے نمٹا جا سکے‘‘۔

حالیہ دنوں کے دوران ٹرمپ اور کانگریس کے قائدین کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی۔

امریکہ کے چوٹی کے اہلکاروں کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ ایسے میں ہوا جب امریکی تاریخ کا حکومتی بندش کا دوسرا طویل ترین شٹ ڈاؤن جاری ہے۔ طویل ترین شٹ ڈاؤن تین دِن زیادہ تھا۔ 22 دسمبر سے حکومتی ملازمین کی ایک چوتھائی کام پر نہیں آتی، جس سے حکومت کے کئی ایک ادارے بند پڑے ہیں ، جب کہ وفاقی سول ملازمین جن کی تعداد 800000 ہے ’فرلو‘ پر ہیں یا پھر بغیر اجرت کے کام کرنے پر مجبور ہیں۔

XS
SM
MD
LG